خیبرپختونخوا : قدرتی آفت سے تاریخ کی سب سے بڑی تباہی، 307 افراد جاں بحق

پشاور (کشمیر ڈیجیٹل) خیبر پختونخوا میں بارش اور سیلابی صورتحال نے قیامت ڈھا دی، 300 سے زائد افرادجاں بحق اور سیکڑوں زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مختلف حادثات میں 307 افراد جاں بحق اور 23 زخمی ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 279 مرد، 15 خواتین اور 13 بچے شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 17 مرد، 4 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں۔

رپورٹ میں کہنا ہے کہ حادثات زیادہ تر سوات، بونیر، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ، شانگلہ اور بٹگرام میں پیش آئے۔ بارشوں اور سیلاب کے باعث مجموعی طور پر 74 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 63 جزوی طور پر اور 11 مکمل طور پر منہدم ہوئے۔

شدید بارشوں اور فلش فلڈ سے سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع باجوڑ اور بٹگرام ہیں، جبکہ بونیر میں اب تک 184 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شدید بارشوں کا موجودہ سلسلہ 21 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے متاثرہ اضلاع کے لیے امدادی فنڈز جاری کرنے اور تمام اداروں کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:قائداعظم یوتھ کانفرنس، آئی ایس ایف کاکلائمیٹ ایکشن ٹاسک فورس کے قیام کا اعلان

Scroll to Top