سیلابی صورتحال،ملک بھر میں911ہیلپ لائن فعال،ٹاورز غیر فعال ہونے پر بھی کام کریگی

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن نے ملک بھر میں 911 ہیلپ لائن فوری طور پر فعال کر دی۔

ترجمان کے مطابق 911 سروس اس صورت میں بھی کام کریگی جب کسی علاقے میں صارف کے اپنے موبائل نیٹ ورک کے ٹاورز متاثر یا غیر فعال ہوں۔

نظام کے تحت متاثرہ شہری 911 پر رابطہ کر کے ہنگامی مدد حاصل کر سکیں گے، شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رابطے کیلئے911 ڈائل کریں۔

ترجمان کا کہنا تھاکہ یہ سروس قریبی علاقے میں کسی بھی کمپنی کے فعال ٹاور سے خودکار طریقے سے منسلک ہو جائے گی، اس نظام کے تحت متاثرہ شہری 911 پر رابطہ کر کے ہنگامی مدد حاصل کر سکیں گے۔

ترجمان کے مطابق غیر متاثرہ شہریوں سے التماس ہے کہ غیر ضروری کالز سے گریز کریں تا کہ جن کو مدد درکار ہے، یہ سہولت ان کے کام آ سکے۔

یہ بھی پڑھیں: بارش ، کلائوڈبرسٹ متاثرین کیلئے32کروڑ جاری،فوری معاوضے دیئے جائیں، وزیراعظم آزادکشمیر

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں طوفانی بارشوں، بادل پھٹنے اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچادی جس کے بعد 250 سے زیادہ افراد جان سے گئے۔

صرف بونیر میں قدرتی آفت ڈیڑھ 150 سے زیادہ زندگیاں لے گئی اور کئی افراد لاپتا ہو گئے۔

کلاوڈ برسٹ کے بعد سیلاب کئی گاوں بہا لے گیا،مکینوں کے آشیانے اجڑ گئے جبکہ سیلابی ریلوں میں جانور اور گاڑیاں بھی بہہ گئیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ بارشوں اور سیلابی صورت حال کے پیش نظر خیبر پختونخوا کو ترجیحی بنیادوں پر امدادی سامان ٹرکوں کے ذریعے بھیجنے کی ہدایت کی ہے۔

Scroll to Top