آزاد کشمیر:ڈی ایچ کیو ہسپتال میں جدید طبی سہولیات سے آراستہ عالمی معیار کے چلڈرن سرجری وارڈ کے قیام کا منصوبہ حتمی مرحلے میں داخل ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی این جی او کے نمائندگان نے ڈاکٹر طاہر لون کی قیادت میں ہسپتال کا دورہ کیا اور وزیر صحت عامہ ڈاکٹر نثار انصر ابدالی، ڈی ایچ او شفقت شاہ اور ایم ایس ڈاکٹر نصراللہ کے ہمراہ وارڈ کے لیے موزوں جگہ کا انتخاب کیا۔ ٹیم نے مختلف مقامات کا معائنہ کیا، ویڈیو گرافی کی اور وارڈ کی تعمیر کے لیے مختلف آپشنز پر مزید غور کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پریس کلب کوٹلی کے صدر شاہنواز بٹ، چیئرمین زکوٰۃ وسیم مصطفائی، کونسلر چوہدری توحید، صحافی منظر بشیر اور دیگر معززین موجود تھے۔ شاہنواز بٹ نے برطانوی وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس 17 کروڑ روپے کے منصوبے سے نہ صرف ضلع کوٹلی بلکہ پلندری، ہجیرہ، بلوچ اور ملحقہ علاقوں کے بچوں کو جدید طبی سہولیات میسر آئیں گی۔
وزیر صحت ڈاکٹر نثار انصر ابدالی نے برطانوی تنظیم کے نمائندوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس اقدام کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور ہسپتال انتظامیہ منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی تاہم مالی اخراجات میں ان کا کوئی عمل دخل نہیں ہوگا۔ حکومت پراجیکٹ کی مفت ڈیزائننگ اور کسی بھی مالی چیلنج کی صورت میں ڈونر تنظیم کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔
ڈاکٹر طاہر لون نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کی سرجیکل ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کم وسائل کے باوجود ٹیم بہترین کام کر رہی ہے۔ انہوں نے اس پراجیکٹ کو انسانیت کی خدمت کا عملی نمونہ قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ ٹیم ورک کے ذریعے یہ منصوبہ جلد مکمل ہوگا۔ وزٹ سے قبل ایم ایس ڈاکٹر نصراللہ نے کمیٹی روم میں برطانوی وفد کو ہسپتال کی گنجائش اور کارکردگی پر بریفنگ بھی دی۔
واضح رہے کہ یہ جدید چلڈرن سرجری وارڈ ضلع کوٹلی کے ہزاروں بچوں کے لیے امید کی کرن ثابت ہوگا اور انہیں علاج کے لیے بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔