(کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ آج شام کھیلا جائے گا۔
تین میچوں پر مشتمل سیریز ایک، ایک سے برابر ہے۔ پہلے ون ڈے میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی جبکہ دوسرا میچ ویسٹ انڈیز کے نام رہا۔ پاکستانی وقت کے مطابق فیصلہ کن مقابلہ آج شام ساڑھے چھ بجے شروع ہوگا۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف گزشتہ 31 برس میں دس ون ڈے انٹرنیشنل سیریز جیت رکھی ہیں۔
دوسری جانب، ایشیا کپ اور سہ فریقی سیریز کے لیے قومی اسکواڈ میں تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ کرکٹ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ جلد افغانستان اور یو اے ای کے خلاف آئندہ سہ فریقی سیریز اور ایشیا کپ 2025 کے لیے ٹیم کا اعلان کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یو اے ای میں ہونے والی سہ فریقی سیریز کے لیے فاسٹ بولر سلمان مرزا اور آل راؤنڈر احمد دانیال کی واپسی کا امکان ہے۔ ساتھ ہی سینئر فاسٹ بولرز شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کو ورک لوڈ مینجمنٹ کے تحت آرام دینے پر غور کیا جا رہا ہے، تاکہ وہ ایشیا کپ میں شرکت کرسکیں۔
اس بار اسکواڈ میں 15 کے بجائے 16 کھلاڑی شامل کیے جانے کا امکان ہے، اور حتمی فیصلے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور کپتان کی مشاورت سے ہوں گے۔ اوپنر فخر زمان کو بھی سہ فریقی سیریز اور ایشیا کپ کے لیے اسکواڈ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ وہ اس وقت ویسٹ انڈیز کے دورے میں انجری کے باعث شریک نہیں ہیں۔
تاہم آل راؤنڈر اور ٹی 20 کے نائب کپتان شاداب خان سرجری کے بعد بحالی کے عمل میں ہیں اور امکان ہے کہ وہ دونوں ایونٹس سے باہر رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ نے چین کے ساتھ ٹیرف معاہدہ مزید 3 ماہ کے لیے بڑھا دیا
واضح رہے کہ سہ فریقی سیریز 29 اگست سے 7 ستمبر تک شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی، اور پاکستان اپنی مہم کا آغاز 29 اگست کو افغانستان کے خلاف شام 7 بجے (مقامی وقت) کرے گا۔




