مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)چوکی پولیس کوہالہ نے ایک اہم اور قابلِ تحسین کارروائی کرتے ہوئے تین ماہ قبل لاپتہ ہونے والی کمسن لڑکی مسماۃ (ز) کو شیخوپورہ پنجاب سے بحفاظت بازیاب کر لیا ۔
تفصیلات کے مطابق مذکورہ لڑکی تقریباً تین ماہ قبل اپنے گھر سے لاپتہ ہو گئی تھی جس پر لواحقین نے متعلقہ پولیس تھانے میں رپورٹ درج کرائی ۔ واقعہ کے بعد سے ہی پولیس کی جانب سے بچی کی تلاش کیلئے بھرپور کوششیں جاری تھیں ۔
یہ بھی پڑھیں:چوکی پولیس کوہالہ کی بڑی کارروائی : 5سماج دشمن عناصر پابند سلاسل کر دئیے
ایس ایچ او تھانہ چھتر کلاس محسن علی اعوان کی ہدایت اور براہِ راست نگرانی میں چوکی آفیسر کوہالہ شفقت حسین نقوی نے اپنی ٹیم جس میں سب انسپکٹر رفیق عالم اور کانسٹیبل عامر عباسی شامل تھے کے ہمراہ ایک منظم حکمت عملی اختیار کی۔ جدید تکنیکی ذرائع اور انٹیلیجنس معلومات کا استعمال کیا ۔
ٹیم نے لڑکی کی موجودگی کا سراغ شیخوپورہ پنجاب میں لگا یا۔کارروائی کے دوران پولیس ٹیم نے خطرات کے باوجود مقامی پولیس کے تعاون سے کامیاب آپریشن انجام دیا اور مسماۃ (ز) کو بحفاظت بازیاب کروا کر والدین کے سپرد کر دیا۔
اس موقع پر ایس ایچ او محسن علی اعوان نے کہا کہ یہ کامیابی پولیس اہلکاروں کی انتھک محنت، پیشہ ورانہ مہارت اور عوامی خدمت کے جذبے کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔
یہ بھی پڑھیں:پولیس اور محکمہ ایکسائز کا گٹھ جوڑ، کروڑوں کے غیر قانونی سگریٹ سے بھرا ٹرک چھوڑ دیا
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو چاہیے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے ۔
علاقہ مکینوں اور متاثرہ خاندان نے پولیس کی اس بروقت اور کامیاب کارروائی پر شکریہ اور اطمینان کا اظہار کیا، جبکہ اعلیٰ حکام کی جانب سے ٹیم کی کارکردگی کو سراہا گیا ۔




