واٹس ایپ کا بڑا کریک ڈاؤن، لاکھوں جعلی اکاؤنٹس ڈیلیٹ کر دیے!

(کشمیر ڈیجیٹل) واٹس ایپ نے دنیا بھر میں دھوکا دہی اور اسکیم سے منسلک لاکھوں جعلی اکاؤنٹس کے خلاف بڑا قدم اٹھاتے ہوئے صرف 2025 کے پہلے چھ ماہ میں 68 لاکھ اکاؤنٹس ڈیلیٹ کر دیے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق کمپنی کا کہنا ہے کہ ان جعلی اکاؤنٹس کو منظم جرائم پیشہ گروہوں کے ذریعے مختلف ممالک میں دھوکا دہی کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ بیشتر اکاؤنٹس جنوب مشرقی ایشیائی ممالک میانمار، کمبوڈیا اور تھائی لینڈ میں سرگرم اسکیم سینٹرز سے جڑے ہوئے تھے۔

واٹس ایپ کی پیرنٹ کمپنی میٹا نے اس موقع پر نئے حفاظتی فیچرز بھی متعارف کروائے ہیں، جن کے تحت اگر کوئی نامعلوم شخص کسی صارف کو گروپ چیٹ میں شامل کرے تو صارف کو فوری الرٹ ملے گا۔ اس کا مقصد اس بڑھتے ہوئے رجحان کو روکنا ہے جس میں جعل ساز واٹس ایپ اکاؤنٹس ہائی جیک کر کے جعلی سرمایہ کاری اسکیموں یا دیگر فراڈز کی تشہیر کرتے ہیں۔

میٹا کے مطابق بعض اسکیمرز نے مصنوعی ذہانت کے ٹولز کا استعمال کرتے ہوئے ایسے پیغامات تیار کیے جو متاثرین کو بیوقوف بنانے میں کامیاب رہے۔ عموماً دھوکے باز سب سے پہلے ٹیکسٹ میسج کے ذریعے رابطہ کرتے ہیں اور پھر شکار کو سوشل میڈیا یا واٹس ایپ پر منتقل کر دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بی بی سی نے پی ایس ایل کو دنیا کی دوسری سنسنی خیز فرنچائز لیگ قرار دے دیا

حکام نے جنوب مشرقی ایشیا کے کئی ممالک میں عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ مشکوک پیغامات سے ہوشیار رہیں اور اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹس کی حفاظت کے لیے “ٹو اسٹیپ ویری فکیشن” جیسے سیکیورٹی فیچرز کو ضرور فعال کریں۔

Scroll to Top