(کشمیر ڈیجیٹل)برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو دنیا کی دوسری سب سے دلچسپ فرنچائز لیگ قرار دے دیا۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق پی ایس ایل میں بیٹنگ اور بولنگ کا شاندار توازن اور سنسنی خیز مقابلے شائقین کا دل جیت رہے ہیں۔ انٹرٹینمنٹ انڈیکس میں پی ایس ایل نے آئی ایل ٹی 20، دی ہنڈریڈ، سی پی ایل اور بگ بیش کو پیچھے چھوڑ دیا، جبکہ فہرست میں پہلا نمبر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے پاس ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ پی ایس ایل میں اوسط پہلی اننگز کا اسکور 180 رنز ہے جو دنیا کی تمام لیگوں میں سب سے زیادہ ہے۔ مزید یہ کہ 27.5 فیصد میچز کا فیصلہ آخری اوور میں ہوا، جب کہ آئی پی ایل میں یہ شرح 28.9 فیصد رہی۔
بی بی سی کے مطابق فی میچ سب سے زیادہ چوکوں کی اوسط بھی پی ایس ایل میں ریکارڈ کی گئی ہے، جہاں فی میچ 30 چوکے اور 14 چھکے لگے۔ اس کے برعکس آئی پی ایل اور سی پی ایل میں فی میچ اوسط 15 چھکے رہی۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ پی ایس ایل کے کھلاڑیوں کے اوسط انٹرنیشنل کیپس 351 ہیں، جو دنیا میں دوسری سب سے زیادہ تعداد ہے۔ اس فہرست میں آئی ایل ٹی 20 کا اوسط 423 اور آئی پی ایل کا 335 ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پہلا ون ڈے،پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 5وکٹوں سے شکست دیدی
بی بی سی نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا کہ کوالٹی اور سنسنی کے معاملے میں پی ایس ایل نے بگ بیش کو کافی پیچھے چھوڑ دیا ہے اور تفریحی انڈیکس کے پانچ اہم میٹرکس میں اس کا اوسط دنیا میں دوسرا بہترین ہے۔