اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل )عبدالرشید ترابی کی سربراہی میں ریلیف آرگنائزیشن فار کشمیری مسلمز کے وفد کا صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں کا دورہ الخدمت دفاتر میں مرکزی قائدین کیساتھ ملاقاتیں۔
سابق امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر گلگت بلتستان عبدالرشید ترابی کی سربراہی میں ریلیف آرگنائزیشن فار کشمیری مسلمز کا ایک بڑا وفد صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں کے دورے پر ہے۔
سابق امیر جماعت اسلامی عبدالرشید ترابی کاکہنا تھا کہ اہل کشمیربھارتی غیر آئینی اقدامات کیخلاف سیسہ پلائی دیوار کی مانند مزاحمت کررہے ہیں اور یہ مزاحمت آزادی کی صبح تک جاری رکھی جائے گی۔رواں برس 06 مئی سے لیکر دس مئی تک آپریشن بنیامن مرصوص میں مملکت خداداد پاکستان نے بھارت کا جو حشر کیا وہ رہتی دنیا تک نہ صرف یاد بلکہ بھارتی حکمرانوں کا پیچھا بھی کرتا رہے گا۔
وفد میں ریلیف آرگنائزیشن فار کشمیری مسلمز کے چیئرمین نذیر احمد قریشی ،وائس چیئرمین ثناء اللہ ڈار،سیکرٹری جنرل راجہ خالد محمود خان اور پروجیکٹ منیجر احمد حسین بھی شامل ہیں۔
کشمیری وفد نے سب سے پہلے صنعتی شہر سیالکوٹ میں تاجر برادری کیساتھ ملاقات کرکے اسے مقبوضہ جموں وکشمیر کی تازہ ترین صورتحال کے علاوہ آزاد کشمیر کے سرحدی علاقوں اور کشمیری مہاجرین کو درپش صورتحال سے آگاہ کیا۔
تاجر برادری نے جہاں مقبوضہ جموں و کشمیر کے زمینی حالات سے آگاہی پر وفد کا شکریہ ادا کیا وہیں کنٹرول لائن کی دونوں جانب بھارتی دہشت گردی سے متاثرہ افراد کو امداد بہم پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔
بعد ازاں وفد نے گجرانولہ میں جماعت اسلامی کے معاون ادارے الخدمت کے دفتر میں ادارے کے مرکزی سیکرٹری جنرل وقاص انجم جعفری کیساتھ ملاقات کی جو کافی مفید اور مثبت رہی۔وقاص انجم جعفری کو بھی مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا گیا ۔
کشمیری وفد نے اسلامی جمیعت طلباء و جمیعت طلبا العربیہ کے نظمائے اعلی کیساتھ بھی الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں۔عبدالرشید ترابی ،نذیر احمد قریشی اور دوسرے قائدین نے بھی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مودی کے سفاکانہ اقدامات خاص کر 05 اگست 2019 میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی اور اس کی اڑ میں مقبوضہ ریاست کے مسلم تشخص کو مٹانے اور وہاں ہندوتوا ایجنڈا مسلط کرنے کے مذموم عزائم کو بے نقاب کیا۔
عبدالرشید ترابی کی سربراہی میں کشمیری وفد جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی ہیڈکوارٹر منصورہ بھی جائے گا جہاں جماعت اسلامی کے مرکزی قائدین کیساتھ بھی ملاقاتیں شیڈول ہیں۔
کشمیری وفد جہاں جہاں گیا اسکا بڑے پیمانے پر خیر مقدم کرتے ہوئے یقین دلایا گیا کہ بھارت کے پنجئہ استبداد میں جکڑی مظلوم کشمیری قوم کا ہر حال میں ساتھ نبھایا جائے گا۔
اس موقع پر یہ بھی کہا گیا کہ اہل کشمیر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خاتمے کیلئے لاکھوں قربانیوں سے مزیں جدوجہد آزادی میں تنہا نہیں بلکہ چوبیس کروڑ اہل پاکستان ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
مسئلہ کشمیر کے آبرومندانہ حل تک کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی مدد و اعانت جاری رکھی جائے گی اور دنیا کی کوئی طاقت اہل پاکستان کو اپنے مظلوم بھائیوں کی مدد کرنے سے نہیں روک سکتی کیونکہ پاکستان نہ صرف مسئلہ کشمیر کا اہم فریق ہے بلکہ کشمیری عوام کا وکیل بھی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:انوارالحق پر وفاقی حکومت کا دبائو کام کرگیا،اڑھائی سال بعد پبلک اکاؤنٹس کمیٹی تشکیل،سردار عتیق چیئرمین نامزد