(کشمیر ڈیجیٹل)اٹلس ہونڈا نے اپنی مشہور موٹرسائیکل سی ڈی 70 کے بعد سی ڈی 70 ڈریم کا 2025 ماڈل بھی متعارف کرا دیا ہے، جس کی قیمت اور نمایاں خصوصیات بھی سامنے آگئی ہیں۔
کمپنی کے مطابق، سی ڈی 70 کا نیا ماڈل 1 لاکھ 59 ہزار 900 روپے جبکہ سی ڈی 70 ڈریم کا ماڈل 1 لاکھ 70 ہزار 900 روپے میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔
حسبِ روایت، اس سال بھی نئے ماڈلز میں تکنیکی اعتبار سے کوئی بڑی تبدیلی نہیں کی گئی، بلکہ ظاہری خوبصورتی میں اضافہ کیا گیا ہے۔ دونوں ماڈلز میں جدید اسٹیکر گرافکس، چمکدار کروم سائلنسر، نئی ڈیزائننگ کے حامل سائیڈ کورز اور لمبے سفر کے لیے آرام دہ نئی سیٹ شامل کی گئی ہے، جو ان بائیکس کو ایک پریمیم لک فراہم کرتی ہیں۔
ہونڈا نے معمولی انجن سیٹنگز میں تبدیلی کے ذریعے فیول اکانومی میں بہتری لانے کا بھی دعویٰ کیا ہے، جس سے روزانہ سفر کرنے والے صارفین کو فائدہ پہنچے گا۔
واضح رہے کہ ہونڈا سی ڈی 70 کی مقبولیت کی ایک بڑی وجہ اس کی کم لاگت مرمت، آسانی سے دستیاب اسپیئر پارٹس اور بہترین ری سیل ویلیو ہے، جو اسے متوسط طبقے کے لیے ایک پائیدار اور قابلِ اعتماد انتخاب بناتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر کو “عذاب” کہنے والوں کو شرم آنی چاہیے، راجہ محمد فاروق حیدر خان
روایتی طور پر اٹلس ہونڈا ہر سال اگست یا ستمبر میں نئے ماڈلز مارکیٹ میں لاتی ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ 2026 ماڈل بھی انہی مہینوں میں متعارف کرایا جائے گا۔