نیلم کے تاریخی وادیائی مقام کیل میں پاک فوج اور سول انتظامیہ کے باہمی اشتراک سے ”معرکہ حق، آزادی کرکٹ ٹورنامنٹ“ بھرپور جوش و خروش کے ساتھ جاری ہے، جس میں گلگت بلتستان، چلاس اور آزاد کشمیر کے باذوق نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل 20 ٹیمیں شریک ہیں۔
ٹورنامنٹ کا نظام پول میچز، کوارٹر فائنلز اور سیمی فائنلز پر مشتمل ہے، جس کے بعد کامیاب ترین ٹیمیں فائنل مرحلے میں پہنچیں گی۔ فائنل میچز 12 اور 13 اگست 2025 کو کیل آرمی گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کے اختتام پر جیتنے والی ٹیم کو 50 ہزار جبکہ رنر اپ ٹیم کو 30 ہزار روپے کے نقد انعامات کے ساتھ خصوصی میڈلز سے بھی نوازا جائے گا۔
کیل میں روزانہ کی بنیاد پر شائقین کی بڑی تعداد سٹیڈیم کا رخ کر رہی ہے، جو کھیل سے محبت رکھنے والے عوام کے جذبے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ٹورنامنٹ نہ صرف کھلاڑیوں کے لیے ایک صحت مند اور مثبت سرگرمی ہے بلکہ علاقے میں سیاحت کے فروغ اور مقامی شہریوں کے لیے تفریح کا باعث بھی بن چکا ہے۔
“معرکہ حق، آزادی ٹورنامنٹ” کے تحت کھیلوں کے مقابلے صرف کیل تک محدود نہیں بلکہ گریس ویلی کے تعلیمی اداروں میں بھی جاری ہیں، جہاں نوجوان طلبا وطالبات کی بڑی تعداد جوش و خروش سے حصہ لے رہی ہے۔
سیاسی و سماجی حلقوں، انجمن تاجران کیل اور مقامی عمائدین نے برگیڈیئر 32 بریگیڈ کی زیر نگرانی جشنِ آزادی پاکستان کے سلسلے میں جاری اس کھیلوں کی سرگرمی کو بے حد سراہا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ایسے مثبت اقدامات نوجوانوں کو نہ صرف صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دیتے ہیں بلکہ معاشرے میں ہم آہنگی، جذبہ حب الوطنی اور ترقی کی راہیں بھی ہموار کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ہیروشیما پر ایٹمی حملے کے 80 سال مکمل، جاپان میں خاموش دعائیہ تقریب
یاد رہے کہ ”معرکہ حق، آزادی ٹورنامنٹ“ میں شامل بیشتر ٹیمیں وادی نیلم، چلاس اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھتی ہیں، جو نہ صرف کرکٹ سے وابستگی رکھتی ہیں بلکہ کھیل کے ذریعے بھائی چارے اور اتحاد کا پیغام بھی دے رہی ہیں۔