عمر ایوب، شبلی فراز، حامد رضا اور زرتاج گل سمیت 9ارکان پارلیمنٹ نااہل قرار

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 9 ارکان پارلیمنٹ کو نااہل قرار دے دیا۔

سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سربراہ سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا، زرتاج گل اور جنید افضل ساہی کو نااہل قرار دیا گیا۔

ان ارکان کی نا اہلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا جس کے مطابق ان کی سیٹیں خالی قرار دی گئیں۔فیصلے کے تحت سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈرز کی نشستیں خالی ہوگئیں۔

قومی اسمبلی کی 5 اور سینیٹ کی ایک نشست خالی قرار پائی ہے، اس کے علاوہ پنجاب اسمبلی کی 3 نشستیں خالی قرار دی گئی ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انسداد دہشت گردی عدالت فیصل آباد کے 9 مئی سے متعلق سزا کے حکم کے تحت یہ سیٹیں خالی قرار دی ہیں۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ خیبر پختونخوا سے سینیٹر شبلی فراز کی سینیٹ نشست خالی ہوئی، این اے 18 ہری پور سے عمر ایوب، این اے 96 فیصل آباد سے رائے حیدر علی خان کی نشست خالی ہوئی۔

اس کے علاوہ این اے 104 فیصل آباد سے صاحبزادہ حامد رضا، این اے-143 ساہیوال سے رائے حسن نواز خان اور این اے 185 ڈیرہ غازی خان سے زرتاج گل کی نشست خالی ہوئی۔

پی پی 73 سرگودھا سے محمد انصر اقبال، پی پی 98 فیصل آباد سے جنید افضل ساہی اور پی پی 203 ساہیوال سے رائے محمد مرتضیٰ اقبال کی نشست خالی ہوئی۔

اس کے علاوہ این اے 175 میں ضمنی الیکشن روک دیا گیا، الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر ضمنی الیکشن روکا گیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سابق وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی شخصی ضمانت پر رہا

Scroll to Top