(کشمیر ڈیجیٹل)نیشنل سیونگز پاکستان کی جانب سے سال 2025 کے سلسلے کی اہم قرعہ اندازی 15 اگست بروز جمعہ کو منعقد ہوگی۔ جاری کردہ شیڈول کے مطابق اس روز 1500 روپے اور 100 روپے مالیت کے انعامی بانڈز کی قرعہ اندازی کی جائے گی۔
ترجمان نیشنل سیونگز کے مطابق 1500 روپے مالیت کے بانڈ کی قرعہ اندازی فیصل آباد میں ہوگی، جبکہ 100 روپے کے بانڈ کی قرعہ اندازی لاہور میں کی جائے گی۔
1500 روپے کے بانڈ پر پہلا انعام 30 لاکھ روپے، دوسرا انعام 10 لاکھ روپے کے 3 انعامات اور تیسرا انعام 18,500 روپے کے 1696 انعامات پر مشتمل ہوگا۔
دوسری جانب 100 روپے کے بانڈ پر پہلا انعام 7 لاکھ روپے، دوسرا انعام 2 لاکھ روپے کے 3 انعامات اور تیسرا انعام 1,000 روپے کے 1199 انعامات کے طور پر تقسیم کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق قرعہ اندازی اگر کسی سرکاری تعطیل کے دن سے متصادم ہو تو یہ اگلے ورکنگ ڈے کو منعقد کی جائے گی۔ نیشنل سیونگز کی یہ اسکیم عوام الناس کو کم سرمایہ کاری پر بڑے انعامات جیتنے کا موقع فراہم کرنے کے لیے جاری کی گئی ہے۔