یکم اگست سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی متوقع ہے

(کشمیر ڈیجیٹل)یکم اگست سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان ہے، جو مہنگائی سے پریشان عوام کے لیے بڑی خوشخبری ثابت ہو سکتی ہے۔

صنعتی ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 9.07 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 3.73 روپے فی لٹر کمی متوقع ہے۔ اس کمی کے بعد پیٹرول کی نئی ممکنہ قیمت 263.08 روپے اور ڈیزل کی قیمت 280.62 روپے فی لٹر ہو سکتی ہے۔ قیمتوں میں اس ممکنہ کمی کی وجہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بہتری کو قرار دیا جا رہا ہے، جس کے اثرات پیٹرولیم مصنوعات پر مرتب ہو رہے ہیں۔

ادھر مٹی کے تیل (کیروسین) کی قیمت میں 3.55 روپے اضافے کا امکان ہے جس کے بعد یہ 181.33 روپے سے بڑھ کر 184.88 روپے فی لٹر ہو سکتی ہے۔ اسی طرح لائٹ ڈیزل کی قیمت 2.33 روپے اضافے کے ساتھ 167.76 سے بڑھ کر 170.09 روپے فی لٹر ہونے کی توقع ہے۔ وزارت خزانہ اور اوگرا کی جانب سے نئی قیمتوں کا باضابطہ اعلان 31 جولائی کی شب متوقع ہے، تاہم ابتدائی تجزیات کے مطابق حکومت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی پوزیشن میں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: انڈر 19 والی بال ورلڈ چیمپئن شپ: متنازع فیصلے پر پاکستان کا احتجاج

یاد رہے کہ پاکستان ہر ماہ دو مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر نظر ثانی کرتا ہے، اور قیمتوں کا تعین عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت اور روپے کی قدر کے مطابق کیا جاتا ہے۔ پاکستان خام تیل درآمد کر کے مقامی ریفائنریوں میں پراسیس کر کے عوامی ضروریات پوری کرتا ہے۔

Scroll to Top