حویلی کہوٹہ : آزاد کشمیر کے ضلع حویلی میں 2025 کے پہلے انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
اس مہم کا افتتاح ڈپٹی کمشنر حویلی عمران شاہین اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر حویلی کہوٹہ ڈاکٹر جواد افضل کیانی نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں دیگر ڈسٹرکٹ آفیسران بھی شریک تھے، جبکہ پولیو مہم 03 تا 07 فروری 2025 تک جاری رہے گی۔
پولیو مہم کے دوران محکمہ صحت عامہ کی ٹیمیں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لیے مختلف مقامات پر تعینات کی جائیں گی۔ ضلع حویلی میں 28 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے مختلف انٹری پوائنٹس، مراکز صحت اور یونین کونسلوں میں ٹیمیں موجود ہوں گی۔ مزید برآں موثر مانیٹرنگ کے لیے تحصیل اور یونین کونسل سطح پر سپروائزرز بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر عمران شاہین نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر گزشتہ دو دہائیوں سے پولیو فری سٹیٹ رہا ہے اور اس کامیابی کا کریڈٹ محکمہ صحت کے فرنٹ لائن ورکرز کو جاتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پولیو ایک خطرناک بیماری ہے جس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:مرغی کا گوشت اور انڈے عام آدمی کی پہنچ سے باہرہو گئے
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر جواد افضل کیانی نے کہا کہ ضلع حویلی میں پولیو کے قطرے پلانے کی مہم ہمیشہ کامیاب رہی ہے اور اس بار بھی بہترین پلاننگ کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں 156 موبائل ٹیمیں، 16 ٹرانزٹ پوائنٹس اور 21 فکس سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ سپروائزری ٹیموں کی نگرانی کے ذریعے مہم کی کامیابی کو مزید یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ اس مہم میں بھی اسی طرح کا بھرپور تعاون حاصل ہوگا۔ تقریب میں سپرنٹنڈنٹ پولیس خواجہ امیر الدین، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر خواجہ جاوید بانڈے اور دیگر اہم شخصیات بھی شریک ہوئیں۔