سردار مسعود

پاکستان کی عالمی سطح پر سفارتی کامیابیاں، بھارت تنہائی کا شکارہے:سردار مسعود

اسلام آباد : آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر اور امریکہ و چین میں پاکستان کے سابق سفیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر مسلسل سفارتی کامیابیاں حاصل کر رہا ہے اور بڑی طاقتوں کیساتھ تعلقات میں وسعت آ رہی ہے ۔ 

ایک نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں سردار مسعود خان نے انکشاف کیا کہ امریکہ اور چین کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعلقات پاکستان کے مؤقف کو مزید تقویت دے رہے ہیں جبکہ بھارت کی پاکستان دشمن پالیسی اسے عالمی سطح پر تنہائی اور بدنامی کی طرف دھکیل رہی ہے ۔

یہ بھی پڑھیں:ایس سی او اجلاس میں پاکستان کے مؤقف کی جیت، بھار تی پروپیگنڈا ناکام ہوا:سردار مسعود خان

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ نے بھارت کو واضح پیغام دیا ہے کہ وہ پاکستان کی مشرقی سرحد پر کسی بھی قسم کی بلاجواز جارحیت کا سوچے بھی نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے خطے میں امن و استحکام کے امکانات بڑھیں گے اور پاکستان پر غیر ضروری دباؤ کم ہوگا ۔

سردار مسعود خان نے کہا کہ اگرچہ مشرقی سرحد پر صورتحال قابو میں ہے لیکن پاکستان کو مغربی سرحد پر تشویش لاحق ہے۔ ان کے مطابق بھارت نے افغانستان، ایران اور خلیجی ریاستوں میں اپنے خفیہ اڈے اور نیٹ ورک قائم کر رکھے ہیں جنہیں وہ پاکستان کے اندر دہشتگردی کیلئے استعمال کرتا ہے ۔

یہ بھی پڑھیں:جموں و کشمیر کے عوام پاکستان کی دفاعی ڈھال ہیں ، سردار مسعود خان

انہوں نے کہا کہ یہ نیٹ ورک پاکستان کے امن کو نقصان پہنچانے اور عدم استحکام پھیلانے کی سازشوں میں ملوث ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کر رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ اسلام آباد کی سفارتی حیثیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔

سردار مسعود خان نے زور دیا کہ پاکستان کو اپنی کامیابیوں کو مزید مستحکم بنانے کے لیے سفارتی محاذ پر بھرپور حکمت عملی اپنانی چاہیے تاکہ دشمن قوتوں کی سازشوں کا مؤثر جواب دیا جا سکے ۔

Scroll to Top