انگلینڈ میں جاری ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (ڈبلیو سی ایل) کے میچز کیساتھ بھارت کی ہٹ دھرمی کا سلسلہ بھی برقرار ہے، بھارت نے پاکستان کے خلاف راؤنڈ میچ کے بعد سیمی فائنل مقابلہ کھیلنے سے انکار کیا، شاہینوں کو واک اوور ملنے کے بعد فائنل میں رسائی بھی مل گئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ انڈین لیجنڈز کی ٹیم نے پاکستان کے خلاف لیجنڈز لیگ کا سیمی فائنل مقابلے بھی دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
بھارتی ٹیم کی دستبرداری پر پاکستان چیمپئنز کو واک اوور مل گیا جس سے پاکستان ٹیم نے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز،سعید اجمل کی تباہ کن بولنگ،آسڑیلیا کو10وکٹوں سے شکست دیدی
پاکستان چیمپئنز کے کوچ ارشد خان نے بھی اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیم ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے فائنل میں پہنچ گئی ہے، ٹیم سے فائنل میں بھی اچھی کارکردگی کی امید ہے۔
قبل ازیں، ٹورنامنٹ کے بھارتی اسپانسر نے بھی پاک بھارت سیمی فائنل مقابلے سے دستبرداری کا فیصلہ کیا تھا۔
اسپانسر کمپنی کے سربراہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر لکھا کہ ہم ٹیم بھارت کو ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں شاندار کارکردگی پر داد دیتے ہیں، آپ نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف شیڈول سیمی فائنل صرف ایک اور میچ نہیں ہے، بطور اسپانسر کمپنی ہم بھارت اور پاکستان کے درمیان ڈبلیو سی ایل میچ سے دستبردار ہو رہے ہیں، کچھ چیزیں کھیل سے بڑھ کر ہوتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی کھلاڑیوں کی ہٹ دھرمی کے باعث پاک بھارت لیجنڈز میچ منسوخ
یاد رہے کہ 20 جولائی کو بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان لیجنڈز لیگ کا میچ شیڈول تھا، تاہم بھارتی کھلاڑیوں کی ہٹ دھرمی کے باعث ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (ڈبلیو سی ایل) کا طے شدہ ٹی20 میچ منسوخ کر دیا گیا تھا۔
منتظمین کے مطابق سابق بھارتی اوپنر بلے باز شیکھر دھون سمیت بھارتی کھلاڑیوں نے ’پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ جغرافیائی سیاسی کشیدگی‘ کو جواز بناتے ہوئے میچ کھیلنے سے انکار کیا تھا۔