تاشقند (کشمیر ڈیجیٹل)ورلڈ انڈر 19 والی بال چیمپئن شپ میں پاکستان نے اپنے سے بہتر عالمی درجہ بندی رکھنے والی ٹیم پیورٹو ریکو کو شکست دے کر مسلسل چوتھی فتح سمیٹ لی ہے۔ ازبکستان میں جاری ایونٹ میں پیر کے روز کھیلے گئے میچ میں عالمی نمبر 19 پاکستان نے عالمی نمبر 13 پیورٹو ریکو کو 0-3 سے ہرا دیا۔
میچ میں پاکستانی ٹیم نے ایک بار پھر جارحانہ اور منظم کھیل کا مظاہرہ کیا۔ اسٹریٹ سیٹس میں فتح حاصل کرنے والی ٹیم نے مقابلہ 25-20، 25-20 اور 25-15 کے اسکور سے اپنے نام کیا۔
پاکستان کی کامیابی میں یحییٰ، عرفان، اجمل اور سعود نے اہم کردار ادا کیا اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: بیجنگ میں شدید بارشوں سے تباہی، 30 افراد ہلاک، 80 ہزار سے زائد محفوظ مقامات پر منتقل
گرین شرٹس گروپ مرحلے کا اپنا آخری میچ آج ارجنٹائن کے خلاف کھیلیں گے۔ تاہم، پاکستان پہلے ہی ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے، جو ٹیم کی عمدہ فارم کا ثبوت ہے۔