نئی دہلی:آپریشن سندور پر کانگریس ودیگر اپوزیشن رہنمائوں نے لوک سبھا میں مودی سرکار کو آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے اہم سوالات اٹھادیئے اور مودی سرکاری کا ڈرامہ بے نقاب کردیا ہے۔
کانگریسی لیڈرو ایم پی فرانسس جارج نے بھارتی ایوان لوک سبھا میں اپنے خطاب کے دوران کہا کہ دنیا چیخ چیخ کر کہہ رہی ہے کہ پاکستان کیساتھ لڑائی میں بھارت نے 3 رافیل، 1 سخوئی 30 MKI، 1 مگ 29 کھوئے، یہ سب ہمارے ہی علاقے میں مار گرائے۔
انہوں نے کہا کہ کہ راجناتھ سنگھ نے اپنی طرف سے بات رکھتے ہوئے فوجی قوت کا اظہار کیا، یہ بہت اچھا ہےلیکن یہ نہیں بتایا کہ دہشتگرد آخر آئے کیسے؟
انہوں نے کہا کہ ہم ملک کے مفاد میں یہ سوال کرتے رہیں گے، ہم جاننا چاہتے ہیں کہ وہ دہشتگرد آخر آئے کیسے؟ ان دہشتگردوں کا مقصد ملک میں فرقہ وارانہ ماحول کو بگاڑنا تھا، اس سلسلے میں کچھ نہیں کہا گیا۔
آپریشن سندور مودی ومیڈیا کا تماشہ،سوال پوچھنے پر پابندی ہے، پرینیتی سُشیل
کانگریس کی ایم پی پرینیتی سُشیل کمارشندے نے بھی آپریشن سندور نامی ڈرامہ پرمودی سرکاری کو آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے اہم سوالات اٹھا ئے۔
پرینیتی سُشیل کمارشندے نے کہا کہ آپریشن سندور صرف مودی سرکار کا میڈیا پر کیا گیا تماشہ ہے، کوئی نہیں بتا رہا کہ اس آپریشن سے کیا حاصل ہوا اور ہمارے کتنے جہاز گرائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ اس سب کا ذمہ دار کون ہے اور یہ سب کس کی غلطی ہے؟ لیکن ملک میں سوال پوچھنے پر بھی پابندی ہے، مودی سرکارسوالوں کا جواب دینے سے بھاگتی ہے۔
پہلگام واقعہ پر حکومت کو جواب دینا ہوگا،شیو سینا رہنما آدتیہ ٹھاکرے
دوسری جانب شیو سینا (یو بی ٹی) کے رہنما آدتیہ ٹھاکرے نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پہلگام حملے پر حکومت سے سوال کرتے ہوئے کہاکہ یہ سوال ضرور اٹھتا ہے کہ پہلگام میں دہشت گرد کیسے آئے اور انہوں نے جو کچھ کیا وہ کیسے کیا؟ حکومت کو اس کا جواب دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آرمی کے کسی بھی آپریشن پر بات نہیں کرنی چاہئے، کیونکہ آرمی تو اپنا کام کرتی رہی ہے، مگر حکومت سے ان سوالات کا جواب لینا ضروری ہے۔
دہشتگرد کون تھے، کیسے آئے؟سوال تو بنتا ہے، عمران مسعود
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ عمران مسعود نے آپریشن مہادیو پر سوال اٹھاتے ہوئے کہاکہ پہلگام دہشت گرد حملے میں ملوث دہشت گردوں کو ایک گھنٹے میں کیسے ختم کر دیا گیا؟ یہ دہشتگرد کون تھے؟ ہم نے صبح ان سوالات کو اٹھایا اور دوپہر تک انہیں مار دیا گیا؟
دونوں رہنماؤں نے حکومت سے شفافیت اور وضاحت کا مطالبہ کرتے ہوئے پہلگام حملے اور اس کے بعد کی کارروائی پر شک و شبہات کا اظہار کیا ہے۔