مانچسٹر (کشمیر ڈیجیٹل نیوز)بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان شبمن گل نے انگلینڈ کیخلاف جاری ٹیسٹ سیریز میں عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئےسابق پاکستانی کپتان محمد یوسف کا 19 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا ۔
سیریز کے چوتھے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بھارت نے انگلینڈ کے 669 رنز کے جواب میں خسارہ ختم کرنے کے بعد سبقت حاصل کی ۔
اس کامیابی میں شبمن گل اور تجربہ کار بلے باز کے ایل راہول کی 181 رنز کی اہم شراکت نے بنیادی کردار ادا کیا ۔
یہ بھی پڑھیں:ایشیا کپ 2025 بھارت کی میزبانی میں یو اے ای میں منعقد ہوگا، بھارتی شائقین سوشل میڈیا پر ناراض
کپتان شبمن گل نے میچ کے آخری روز 238 گیندوں پر 103 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 12 چوکے شامل تھے ۔
اس اننگز کے ساتھ وہ ایک ٹیسٹ سیریز میں انگلینڈ کے خلاف سب سے زیادہ رنز بنانے والے ایشیائی بیٹر بن گئے ۔
انہوں نے چار ٹیسٹ میچوں میں ایک ڈبل سنچری اور تین سنچریوں کی مدد سے 700 سے زائد رنز اسکور کیے جس میں ان کی سب سے بڑی اننگز 269 رنز رہی ۔
اس سے قبل پاکستان کے محمد یوسف نے 2006 میں انگلینڈ کے خلاف 4 میچوں میں 631 رنز بنا کر یہ ریکارڈ قائم کیا تھا ۔
یہ بھی پڑھیں:وادی نیلم کے سیاحتی مقام ڈبہ جاگراں میں نیلم فیسٹیول کی رونقیں، شہریوں کی بھرپور شرکت
انگلینڈ میں ایک ٹیسٹ سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے ایشیائی بلے بازوں کی فہرست میں اب شبمن گل سرفہرست ہیں ۔
اس فہرست میں بھارت کے راہول ڈریوڈ (602 رنز، 2002)، ویرات کوہلی (593 رنز، 2018) اور سنیل گواسکر (542 رنز، 1979) شامل ہیں ۔
اس کے ساتھ ساتھ شبمن گل نے بطور کپتان بھارت کی جانب سے ٹیسٹ سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ویرات کوہلی کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے جنہوں نے ایک سیریز میں 655 رنز بنائے تھے ۔
اب شبمن گل بھارت کی جانب سے کسی بھی ٹیسٹ سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کے سنیل گواسکر کے 732 رنز (1978، ویسٹ انڈیز کے خلاف) کے ریکارڈ کے بھی قریب پہنچ چکے ہیں ۔