ورکرز کنونشن

جہلم ویلی : عمران خان کی رہائی اور حقیقی آزادی کیلئے پی ٹی آئی ورکرز کنونشن اتوار کو ، تیاریاں مکمل

جہلم ویلی (کشمیر ڈیجیٹل نیوز) پاکستان تحریک انصاف جہلم ویلی کا تاریخی ورکرز کنونشن اتوار کے روز منعقد ہوگا، جس کے لیے تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوچکی ہیں ۔

شاہراہ سرینگر کو پارٹی کے پرچموں، خیرمقدمی بینرز اور عمران خان کے حق میں نعروں سے مزین کردیا گیا ہے۔ کارکنان میں زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے اور ہر سطح پر یہ عزم نظر آرہا ہے کہ جہلم ویلی تحریک انصاف کا مضبوط قلعہ ثابت ہوگا ۔

مرکزی قیادت کی بھرپور شرکت متوقع ہے جن میں صدر پی ٹی آئی آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی، رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار، عمران خان کے ترجمان نیاز اللہ نیازی، اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق، خالد یوسف چوہدری ایڈووکیٹ، صنم جاوید اور دیگر اہم رہنما شامل ہیں ۔ ان رہنماؤں کی آمد پر تاریخی استقبال کی تیاریاں کی گئی ہیں ۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی رہنما فوزیہ سلیم بٹ کو حلقہ میرپور سے ٹکٹ دینے کا مطالبہ زور پکڑ گیا

اس موقع پر پی ٹی آئی آزادکشمیر کے مرکزی رہنما اور وائس چیئرمین ضلع کونسل چوہدری زاہد فرید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کنونشن جہلم ویلی کے عوام کے اس غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے جو وہ عمران خان کی رہائی، انصاف کی بالادستی اور حقیقی آزادی کی جدوجہد میں دکھا رہے ہیں ۔

آج جہلم ویلی کے نوجوان، بزرگ، خواتین اور بچے سب ایک ہی نعرہ لگا رہے ہیں کہ عمران خان ہی پاکستان اور کشمیری عوام کی امید ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جہلم ویلی کے ہر گاؤں اور قصبے سے قافلے کنونشن میں شریک ہوں گے، جو یہ ثابت کرے گا کہ عمران خان کی قیادت میں ہی کشمیر اور پاکستان کا مستقبل محفوظ ہے ۔

یہ بھی پڑھیں: چوہدری یٰسین کی دبنگ انٹری ، پی ٹی آئی کے اہم رہنما پیپلزپارٹی میں شامل

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کنونشن نہ صرف عمران خان کی رہائی کی تحریک کو نئی توانائی دے گا بلکہ آزادکشمیر میں تحریک انصاف کی تنظیمی اور سیاسی طاقت کا بھی بھرپور مظاہرہ ہوگا۔

Scroll to Top