محکمہ ان لینڈ ریونیو کا ٹیکس گزاروں کی رہنمائی کیلئے ہنگامی اقدام، سہولت سنٹرز قائم کردیئے

میرپور:محکمہ ان لینڈ ریوینیو(ساؤتھ زون) کا چیئرمین آزاد جموں وکشمیر سنٹرل بورڈ آف ریونیو کی خصوصی ہدایات پر ٹیکس گزاروں کی سہولت کے لئے اہم اقدام، مختلف دفاتر میں ٹیکس سہولت سنٹر قائم کر دئیے۔

ترجمان محکمہ ان لینڈ ریونیو کے مطابق اے جے کےIRISسسٹم پر ٹیکس ریٹرن لانچ ہونے کے بعدہنگامی بنیادوں پر محکمہ کی جانب سے ٹیکس گزاروں کی تکنیکی بنیادوں پر رہنمائی و معاونت کیلئے ساؤتھ زون کے تمام اضلا ع میں سہولت سنٹرز کا قیام عمل میں لایا گیاہے۔

سنٹرز میں ٹیکس فاروں کی رہنمائی وتکنیکی معاونت کیلئے عملہ ہمہ وقت موجود رہے گا۔

کمشنر ان لینڈ ریوینیو سید انصر علی نے میرپور ڈویژن کے تمام آفیسران کو ٹیکس گزاروں کوپیش آنے والے مسائل پر تکنیکی معاونت و رہنمائی کی ہدایت جاری کی ہے۔

کمشنر ان لینڈ ریوینیو نے خود بھی ضلع میرپور میں قائم مختلف ٹیکس سہولت سنٹرز کا دورہ کیااور سہولیات کا جائزہ لیا اور عملہ کو بے لوث ہو کر ٹیکس گزاروں کو پیش آنے والے مسائل کے حل کے لئے ہدایات بھی جاری کیں۔

یہ بھی پڑھیں: ڈپٹی کمشنر میرپور یاسر ریاض کے 2 بھائی انکوائری کیلئے اینٹی نارکوٹیکس لاہورطلب

انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں کسی بھی قسم کی شکایت موصول نہیں ہونی چاہیے۔

علاوہ ازیں کمشنر ان لینڈ ریوینیو نے PRALکے نمائندگان کو بھی ہر قسم کی تکنیکی مسائل سے نمٹنے کے لئے تیار رہنے کا کہا ہے۔

محکمہ کی جانب سے اس اقدام کی کاروباری و سماجی حلقوں میں بھرپور پذیرائی ہوئی ہے، ترجمان محکمہ ان لینڈ ریوینیو کے مطابق ٹیکس گزاروں کی شکایات کے ازالے کیلئے ہر ممکن وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔

Scroll to Top