(کشمیر ڈیجیٹل)وادی لیپہ میں جشنِ آزادی کی روایتی تقریبات کا باقاعدہ آغاز یکم اگست سے شوٹنگ بال ٹورنامنٹ کے ذریعے ہو چکا ہے، جو حسبِ روایت 14 اگست کو شاندار فائنل کے ساتھ اختتام پذیر ہو گا۔
شوٹنگ بال ٹورنامنٹ دہائیوں سے وادی کے عوام کے لیے نہ صرف کھیل کا موقع ہوتا ہے بلکہ حب الوطنی، یکجہتی اور قومی جذبے کے اظہار کا بھی ایک عظیم ذریعہ بن چکا ہے۔
ہر سال کی طرح اس بار بھی ٹورنامنٹ ہر حال میں منعقد ہو رہا ہے — چاہے بارش ہو، برف باری ہو یا سرحد پار سے فائرنگ — وادی کے عوام اس قومی روایت کو ہر صورت زندہ رکھتے ہیں۔
رواں سال اس ٹورنامنٹ کو ایک تاریخی حیثیت حاصل ہو گئی ہے، کیونکہ اس بار معرکہ حق کی کامیابی کو بھی جشنِ آزادی کا حصہ بنایا گیا ہے۔ فائنل تقریب کے دوران ان تمام افراد کو اعزازات سے نوازا جائے گا جنہوں نے وادی میں مثالی خدمات انجام دیں۔ ان میں اساتذہ، طلبہ، سرکاری ملازمین، صحافی، اور خصوصاً پاک فوج کے جوان شامل ہوں گے۔
تقریب میں پاک فوج کے اُن افسران کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا جنہوں نے وادی لیپہ میں حالیہ معرکہ حق میں کامیابیاں حاصل کیں۔ اس اقدام کا مقصد قوم کے ان سپوتوں کی قربانیوں کو سراہنا اور ان کی خدمات کو عوامی سطح پر تسلیم کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت اور چین کے بجائے امریکا میں نوکریاں دو،ٹرمپ کاگوگل سمیت ٹیک کمپنیوں کو انتباہ
یہ ٹورنامنٹ صرف ایک کھیل کا مقابلہ نہیں بلکہ ایک قومی پیغام ہے — کہ وادی لیپہ کے لوگ ہر حال میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور اپنی سرزمین سے بے پناہ محبت رکھتے ہیں۔