بھارت اور چین کے بجائے امریکا میں نوکریاں دو،ٹرمپ کاگوگل سمیت ٹیک کمپنیوں کو انتباہ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گوگل، مائیکروسوفٹ اور دیگر ٹیکنالوجی کمپنیوں کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اور چین میں ملازمتیں دینے کے بجائے امریکا میں روزگار پیدا کریں۔

واشنگٹن میں اے آئی سمٹ سے خطاب میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی کمپنیاں چین میں فیکٹریاں بناتی رہیں، بھارت میں ملازمتیں دیتی رہیں اور آئرلینڈ میں منافع چُھپاتی رہیں، امریکی شہریوں کو نظرانداز کیے رکھا لیکن اب وہ دن گئے۔

ٹرمپ نے گوگل، مائیکروسوفٹ اور دیگرٹیکنالوجی کمپنیوں کو بھارت اور چین میں ملازمتیں دینے کے بجائے امریکا میں روزگار پیدا کرنے کا کہہ دیا۔

امریکی صدر نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کی دوڑ میں جیت کے لیے حب الوطنی کی ضرورت ہے، ٹیک کمپنیاں امریکا کو مقدم رکھیں اور امریکی عوام کو نوکریاں دیں۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کا مختلف ممالک پر15سے50فیصد تک ٹیرف عائد کرنےکا اعلان

صدر ٹرمپ نے سمٹ میں مصنوعی ذہانت کے حوالے سے 3 نئے صدارتی احکامات پر بھی دستخط کیے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے ایپل سے بھارت میں آئی فونز تیار نہ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایپل کو خبردار کیا تھا کہ اگر کمپنی نے اپنے آئی فونز امریکا میں تیار نہیں کیے تو اسے 25 فیصد ٹیرف کا سامنا کرنا پڑے گا۔

Scroll to Top