کھیرا: جسمانی صفائی، تروتازگی اور وزن گھٹانے میں قدرتی مددگار

(کشمیر ڈیجیٹل):کھیرا ایک ایسا ٹھنڈا، خوش ذائقہ اور غذائیت سے بھرپور سبزی ہے جو اندرونی اور بیرونی صفائی کے لیے نہایت مفید سمجھی جاتی ہے۔

وٹامن کے، وٹامن سی، میگنیشیم، کیلشیم، آئرن، فاسفورس، زنک، سلکا، فولک ایسڈ اور فائبر سمیت متعدد اہم غذائی اجزاء سے بھرپور یہ سبزی جسم کو نہ صرف تروتازگی بخشتی ہے بلکہ کئی طبّی فوائد بھی فراہم کرتی ہے۔

جسم کو ہائیڈریٹ رکھتا ہے:

کھیرا تقریباً 95 فیصد پانی پر مشتمل ہوتا ہے جو جسم کو ہائیڈریٹ رکھنے اور فاضل مادّوں کے اخراج میں مدد دیتا ہے۔ گرمیوں میں یہ ایک قدرتی کلینزر کے طور پر کام کرتا ہے اور جسم سے فاسد مادّوں کو نکالنے میں مددگار ہوتا ہے۔

جلد کو تازگی بخشتا ہے:

پوٹاشیم اور وٹامن ای سے بھرپور کھیرا آنکھوں کے گرد سوجن، سیاہ حلقے اور چہرے کے داغ دھبے کم کرتا ہے۔ کھیرے کا رس چہرے پر لگانے سے جلد تروتازہ ہو جاتی ہے جبکہ اس کے قتلے آنکھوں پر رکھنے سے جھریاں اور تھکن کا احساس کم ہوتا ہے۔

منہ کی صفائی اور مسوڑھوں کی مضبوطی:

کھیرے کا ایک ٹکڑا اگر منہ کی چھت پر 30 سیکنڈ کے لیے رکھا جائے تو یہ بدبو پیدا کرنے والے بیکٹیریاز کو ختم کر سکتا ہے۔ آیورویدک طب کے مطابق کھیرا جسم کی اندرونی گرمی کم کرتا ہے، جو کہ سانس کی بدبو کی ایک بڑی وجہ ہے۔ کھیرے کا رس مسوڑھوں کی کمزوری اور پیریا جیسے امراض میں بھی مفید سمجھا جاتا ہے۔

نظامِ ہضم کے لیے مفید:

پانی اور فائبر کی موجودگی کی بدولت کھیرا نظامِ ہضم کو بہتر بناتا ہے۔ اس کا چھلکا ناقابل حل فائبر فراہم کرتا ہے، جو خوراک کو آنتوں میں آسانی سے گزارنے میں مدد دیتا ہے۔ یہ گرمیوں میں پیٹ کی جلن، تیزابیت، السر اور قبض جیسے مسائل میں بھی ریلیف دیتا ہے۔

بلڈ پریشر کے توازن میں مددگار:

فائبر، پوٹاشیم اور میگنیشیم سے بھرپور کھیرا بلڈ پریشر کم کرنے میں معاون ہے۔ اس کی ہلکی پیشاب آور خاصیت بھی بلڈ پریشر کو متوازن رکھنے میں مدد دیتی ہے۔

وزن کم کرنے والوں کے لیے بہترین انتخاب:

صرف 16 کیلوریز فی سروِنگ پر مشتمل کھیرا پیٹ کو بھرے رکھتا ہے لیکن اضافی کیلوریز فراہم نہیں کرتا، اس لیے وزن کم کرنے والوں کے لیے یہ ایک مثالی غذا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: یورپی یونین اور چین کا سربراہی اجلاس کشیدہ تعلقات میں شروع

کھیرا نہ صرف گرمی کی شدت میں قدرتی سکون بخشتا ہے بلکہ اسے روزمرہ کی متوازن غذا کا خوش ذائقہ حصہ بھی بنایا جا سکتا ہے۔

Scroll to Top