وادی نیلم (کشمیر ڈیجیٹل)انٹرنیشنل سائیکلسٹ اور سیاحت کے سفیر عامر شہزاد اعوان 1600 کلومیٹر طویل سفر سائیکل پر طے کرتے ہوئے کوئٹہ سے وادی نیلم پہنچ گئے۔ انہوں نے ایران اور افغانستان کے بعد پاکستان کے مختلف علاقوں کا سفر کرتے ہوئے وادی نیلم کا رخ کیا۔
کشمیر ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے دنیا کے متعدد ممالک کا دورہ کیا ہے اور اب پاکستان میں سیاحت کو فروغ دینے کے مشن پر نکلے ہیں۔
عامر شہزاد کا کہنا تھا کہ انہوں نے کوئٹہ سے 19 روز میں یہ سفر طے کیا تاکہ دنیا کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے اور یہاں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے پُرامید ہیں اور اسی امید کے ساتھ انہوں نے اپنی سائیکل پر پاکستان کے ساتھ کشمیر کا پرچم بھی نصب کیا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور افغانستان کے عوام پاکستانیوں سے بے حد محبت کرتے ہیں۔ “ایران میں لوگ میرے ہاتھ چومتے اور ماتھا چھوتے تھے، ان کی مہمان نوازی قابلِ تعریف ہے۔” عامر شہزاد نے ایران اور افغانستان کے عوام کو پاکستان آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ آ کر ہمارے خوبصورت ملک اور ثقافت کو دیکھیں اور ہمیں بھی مہمان نوازی کا موقع دیں۔
عامر شہزاد اعوان نے بتایا کہ وہ تقریباً دو سال قبل بھی وادی نیلم آئے تھے، اور اس وقت کے تجربے کے مقابلے میں آج کا نیلم نمایاں طور پر بہتر نظر آتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل شارجہ میں ایک نشست کے دوران ان سے وادی نیلم سے متعلق گفتگو ہوئی تھی، جس میں علاقے کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج نیلم میں نہ صرف بنیادی سہولیات میں بہتری آئی ہے بلکہ مواصلات کا نظام بھی کافی حد تک بہتر ہو چکا ہے، جس سے سیاحوں کو سفر اور قیام میں آسانی میسر آ رہی ہے۔
عامر شہزاد نے حکومت آزاد کشمیر اور پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وادی نیلم اور دیگر سیاحتی علاقوں میں سڑکوں اور ٹریکنگ کے راستوں کو بہتر بنایا جائے تاکہ مقامی و غیر ملکی سیاحوں کو آسانی ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ یہاں کے لوگ انتہائی مہمان نواز ہیں اور یہی موسم وادی نیلم کی سیاحت کے لیے بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں الیکٹرک ٹرام کا آغاز، کینال روڈ پر پائلٹ پروجیکٹ تیار
انہوں نے مستقبل کے منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اگلے مرحلے میں ایران، عراق، اُردن اور سعودی عرب کا سفر بھی سائیکل پر کریں گے اور وہاں کی سیاحت سے بھی محظوظ ہوں گے۔