نیویارک:نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ فلسطین اور کشمیر کا مسئلہ حل نہ ہونا عالمی برادری کا دہرا معیار ظاہر کرتا ہے، پاکستان نے ہمیشہ تنازعات کے بجائے سفارت کاری کو ترجیح دی۔
اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے چارٹر پر عمل درآمد کے لیے پرعزم ہے۔پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کی منظوری خوش آئند ہے۔
عالمی امن سے متعلق مباحثہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ تنازعات کا عدم حل کشیدگی کی شکل اختیار کرگیا ہے، پاکستان تنازعات کے حل میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ تنازعات کے حل میں کثیر الجہتی انتہائی اہم ہے، پاکستان دنیا بھر میں امن کا خواہشمند ہے، فلسطین میں 58 ہزار سے زیادہ افراد کو شہید کیا جاچکا ہے۔
پانی 24 کروڑ پاکستانیوں کی لائف لائن ہے، تنازعات کا پرامن حل پائیدار عالمی امن کی ضمانت ہے، پاکستان کی خارجہ پالیسی ریاستوں کی خودمختاری کے احترام اور عدم مداخلت پر مبنی ہے۔
تنازعات کے پرامن حل سے متعلق پاکستان کی قرارداد متفقہ منظور
سلامتی کونسل میں تنازعات کے پرامن حل سے متعلق پاکستان کی قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق قرارداد نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار کی صدارت میں منظور ہوئی، قرارداد میں رکن ممالک پر پُرامن ذرائع سے تنازعات کے حل پر زور دیا گیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق قرارداد میں ثالثی، سفارتی کوششوں کے فروغ کی اپیل کی گئی، علاقائی و عالمی سطح پر تعاون بڑھانے کی بھی تجویز دی گئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کا عالمی امن و سلامتی کیلئے کلیدی کردار رہا، پاکستان کی قرارداد، تنازعات کے روک تھام کی جانب اہم قدم ہے۔
عالمی امن کیلئے پاکستان کی کوششیں قابل ستائش ہیں،سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے کہا کہ عالمی امن کے لیے پاکستان کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔
انتونیو گوتریس نے مذاکرہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی امن کےلیےپاکستان کی کوششیں قابل تعریف ہیں، غزہ اوریوکرین کا معاملہ جلد حل ہونا چاہیے۔
غزہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں افسوسناک ہیں، اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کو امداد کیلئے سازگار ماحول فراہم نہیں کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کےمتاثرین بھوک اورافلاس کا شکارہیں سلامتی کونسل کےایجنڈے پرزیادہ ترتنازعات پیچیدہ نوعیت کےہیں، عالمی امن کے لیے پاکستان کی کوششیں قابل ستائش ہیں ، تنازعات کا پر امن حل کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
انتونیو گوتریس کا مزید کہنا تھا کہ عالمی قوانین پر عمل درآمد نہ ہونے سے تنازعات بڑھ رہے ہیں۔