اونٹنی کیمی جب خوراک کی تلاش میں ایک زمین دار کی زمین پر جا پہنچی تو مبینہ طور پر اس شخص نے ظلم کی انتہا کرتے ہوئے اس کی ایک ٹانگ کاٹ دی۔ لیکن قسمت نے کیمی کا ساتھ دیا۔ ایک جانوروں کے تحفظ کے ادارے نے نہ صرف اسے بچایا بلکہ اسے ایک نئی زندگی کا موقع بھی فراہم کیا۔
کیمی اب پاکستان کی پہلی بڑے سائز کی جانور ہے جسے مصنوعی ٹانگ لگا کر دوبارہ چلنے کے قابل بنایا گیا ہے۔ جانوروں کے ماہر ڈاکٹر بابر حسین کا کہنا ہے کہ یہ ایک تجرباتی مرحلہ تھا، جسے کافی سوچ بچار، محنت اور جذبے سے مکمل کیا گیا۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ کیمی اب نہ صرف اپنے پیروں پر کھڑی ہو سکتی ہے بلکہ دھیرے دھیرے چلنے پھرنے بھی لگی ہے۔
اس کے لیے جو مصنوعی ٹانگ تیار کی گئی وہ خاص طور پر کیمی کے وزن، قد اور حرکت کو مدنظر رکھ کر بنائی گئی تاکہ وہ آسانی سے چل سکے اور درد محسوس نہ کرے۔
یہ بھی پڑھیں: چڑہوئی میں اغوا کے بعد قتل، 9 دن بعد نوجوان کی لاش صحن سے برآمد
ڈاکٹر بابر حسین کہتے ہیں کہ یہ کامیاب تجربہ اس بات کی امید دلاتا ہے کہ اگر سہولیات بڑھائی جائیں تو پاکستان میں ایسے تمام زخمی یا معذور جانوروں کو دوبارہ زندگی دی جا سکتی ہے جنہیں ماضی میں بے سہارا سمجھ کر چھوڑ دیا جاتا تھا۔