نیلم میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد بند سڑک بحال، ٹریفک روان

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) وادی نیلم کے بالائی علاقے جنوئی میں گزشتہ شب کلاؤڈ برسٹ کے باعث بند ہونے والی مین شاہراہ نیلم کو محکمہ تعمیرات عامہ شاہرات نیلم نے بحال کر دیا ہے، جس کے بعد ٹریفک کی روانی دوبارہ شروع ہو گئی ہے۔

گزشتہ رات وادی نیلم کے سیاحتی مقام گریس جانوائی میں شدید بارشوں کے دوران کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں جندراں والا ناڑ میں طغیانی آ گئی تھی، جس سے سیلابی صورتحال پیدا ہوئی۔ سیلابی ریلے نے علاقے میں چارڈھوکوں کا رابطہ پل، متعدد پن چکیاں، تین موٹرسائیکلیں، چار دکانیں، سبزی شاپ، میڈیکل سٹور، کلینک اور 50 کے وی بجلی گھر کی لائن بہا دی۔ دو مکان مکمل اور دو جزوی طور پر تباہ ہو گئے، جبکہ مقامی بجلی گھر کو بھی نقصان پہنچا۔

ایس ڈی ایم اے کے مطابق کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ پولیس چوکی جانوائی، ریسکیو اداروں اور مقامی افراد نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے عوام اور مال مویشیوں کو نالے کے قریب جانے سے روک کر بڑے نقصان سے بچا لیا۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹر بَرا میں جلسۂ عزمِ وفا: کشمیری کمیونٹی کی شاندار شرکت، مسلم لیگ ن کی سیاسی طاقت کا مظاہرہ

متعلقہ اداروں کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کام جاری ہیں، اور شہریوں و سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Scroll to Top