پاکستان سپورٹس بورڈ کا انڈر 16 والی بال ٹیم کیلئے 82 لاکھ روپے کیش انعام کا اعلان

(کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان سپورٹس بورڈ نے انڈر 16 والی بال ٹیم کے لیے ایشین چیمپئن شپ میں تاریخی کامیابی پر 82 لاکھ روپے کے کیش انعامات دینے کا اعلان کر دیا ہے۔

ترجمان پاکستان سپورٹس بورڈ کے مطابق، انڈر 16 ٹیم کے ہر کھلاڑی کو 6 لاکھ روپے کیش انعام دیا جائے گا، جو کہ پی ایس بی کی کیش ایوارڈ پالیسی 2024 کے تحت براعظمی سطح پر گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کے لیے مختص انعامی رقم کا 30 فیصد بنتا ہے۔

ترجمان کے مطابق 12 رکنی سکواڈ کے کھلاڑیوں کو مجموعی طور پر 72 لاکھ روپے دیے جائیں گے، جب کہ کوچنگ اسٹاف کو ٹیم ایوارڈ کا 50 فیصد دیا جائے گا۔ اس پالیسی کے تحت کوچ کو 10 لاکھ روپے کیش انعام دیا جائے گا۔

پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے یہ کیش ایوارڈز آئندہ چند روز میں ٹیم اور کوچنگ اسٹاف کو فراہم کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر بھر میں پولیس ملازمین کی کام چھوڑ ہڑتال، مراعات کے لیے احتجاج جاری

واضح رہے کہ پاکستان کی انڈر 16 والی بال ٹیم نے ایشین چیمپئن شپ کے فائنل میں ایران کو 2-3 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ پاکستانی ٹیم پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہی اور تاریخی کامیابی حاصل کی۔

Scroll to Top