بھارتی کھلاڑیوں کی ہٹ دھرمی کے باعث پاک بھارت لیجنڈز میچ منسوخ

برمنگھم : کرکٹ کے شائقین کے لیے مایوس کن خبر، ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے تحت آج برمنگھم میں کھیلا جانے والا پاکستان اور بھارت کے درمیان متوقع مقابلہ بھارتی کھلاڑیوں کے انکار پر منسوخ کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارتی ٹیم کے پانچ سابق کھلاڑیوں نے پاکستانی ٹیم میں شاہد آفریدی کی موجودگی پر اعتراض اٹھاتے ہوئے میچ کھیلنے سے انکار کیا، جس کے بعد منتظمین کو مقابلہ منسوخ کرنا پڑا۔

میچ سے انکار کرنے والے بھارتی کھلاڑیوں میں یوسف پٹھان، عرفان پٹھان، ہربھجن سنگھ، سریش رائنا اور یووراج سنگھ شامل ہیں۔ ان کھلاڑیوں کا مؤقف تھا کہ اگر شاہد آفریدی پاکستان کی نمائندگی کریں گے تو وہ میدان میں نہیں اتریں گے۔ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے باوجود شاہد آفریدی کی شخصیت مخالف کھلاڑیوں کے لیے آج بھی دباؤ کا باعث بنی ہوئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بھارتی ٹیم کے متعدد کھلاڑی ان کے خلاف کھیلنے سے کتراتے دکھائی دیے۔

یہ میچ شائقین کرکٹ کے لیے خاص کشش رکھتا تھا، کیونکہ پاک بھارت مقابلے ہمیشہ سے سنسنی خیز اور دلچسپی سے بھرپور سمجھے جاتے ہیں۔ شائقین بڑی تعداد میں اس تاریخی مقابلے کا انتظار کر رہے تھے، تاہم میچ کی منسوخی سے انہیں شدید مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں: افسوسناک حادثہ:نیویارک میں ایم آر آئی مشین کی مقناطیسی قوت سے شخص ہلاک

قابل ذکر بات یہ ہے کہ چیمپئنز لیگ کے افتتاحی روز پاکستان نے عمدہ آغاز کرتے ہوئے انگلینڈ چیمپئنز کو 5 رنز سے شکست دی۔ دوسرے میچ میں جنوبی افریقا چیمپئنز نے دلچسپ مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز کو بال آؤٹ کے ذریعے ہرا کر فتح اپنے نام کی۔

Scroll to Top