اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ حکومت روزگار کیلئے ایسے لوگوں کو الیکٹرک رکشے اور لوڈر فراہم کرے گی جو بیروزگار ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں الیکٹرک بائیکس، رکشہ و لوڈر کے حصول میں حکومتی معاونت کاجائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ الیکٹرک وہیکلز کی حوصلہ افزائی سے ایندھن کی مد میں اربوں ڈالر زر مبادلہ کی بچت ہوگی اور الیکٹرک وہیکلز سے ماحولیاتی تحفظ میں معاونت اور مقامی صنعت کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ الیکٹرک وہیکل کی عام آدمی تک رسائی کیلئے حکومتی اقدامات کا لائحہ عمل تشکیل دیا جائے۔
وزیرِاعظم نے اعلان کیا کہ حکومت روزگار کیلئے ایسے لوگوں کو الیکٹرک رکشے اور لوڈر فراہم کرے گی جو بے روزگار ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ وفاقی حکومت بشمول وفاقی بورڈ، ملک بھرکے بورڈز کے ٹاپرزکو الیکٹرک بائیک فراہم کرے گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ الیکٹرک وہیکلز کی تیاری، مینٹیننس کیلئے مکمل ایکوسسٹم تشکیل دینے کے اقدامات کئے جائیں اور الیکٹرک وہیکلز کی تقسیم اور معاونت کے طریقہ کار کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کرائی جائے۔
وزیر اعظم نے حکم دیا کہ معاشی طور پر کمزور طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کو ترجیح دی جائے، الیکٹرک وہیکل کے حصول میں حکومتی معاونت کی اسکیم بارے عوامی آگاہی مہم چلائی جائے۔