مظفرآباد: فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کی بڑی کارروائی،غیر معیاری،مضر صحت خوردنی تیل سے بھری گاڑی ضبط کرلی جسے لیبارٹری ٹیسٹ کے بعد مضر صحت ہونے کی بناتلف کردیاگیا۔
کارروائی ڈپٹی ڈائریکٹر خوراک سردار ثاقب اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ابرار میر کی زیر نگرانی فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے عمل میں لائی۔
یہ آئل انسانی صحت کیلئے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا تھا، جس کے استعمال سے دل کی بیماریوں، جگر کی خرابی، معدے کے مسائل اور دیگر مہلک امراض لاحق ہونے کا خدشہ تھا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر خوراک سردار محمد ثاقب نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر بھر میں غیر معیاری اور مضر صحت اشیائے خوردونوش کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں مزید شدت لائی جا رہی ہے۔ عوام کی صحت سے کسی کو کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2017 اور پیور فوڈ ریگولیشنز 2019 پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے فوڈ اتھارٹی پرعزم ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام فوڈ بزنس آپریٹرز (FBOs) کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنی مصنوعات کی رجسٹریشن، معیار، صفائی اور ذخیرہ کرنے کے طریقہ کار میں قانونی تقاضے پورے کریں۔
یہ بھی پڑھیں: فوڈ اتھارٹی ان ایکشن، بیکری اور فاسٹ فوڈ شاپ سیل، متعدد تاجروں کو جرمانے ،وارننگ جاری
غیر رجسٹرڈ یا غیر معیاری اشیاء کی فروخت فوڈ اتھارٹی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے جس پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ابرار احمد میر نے کہا کہ کسی کو بھی مضر صحت اشیائے خوردونوش فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔تاجر فوڈ اتھارٹی سے منظور شدہ تیل خریدیں۔عوام کی صحت پر کسی قسم کا کمپرومائز نہیں کرینگے
فوڈ اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شہری اشیائے خوردونوش خریدتے وقت مصنوعات کی رجسٹریشن، لیبلنگ، ایکسپائری تاریخ اور برانڈ کی معلومات کو لازمی چیک کریں۔
کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری طور پر فوڈ اتھارٹی کے دئیے گئے نمبر 1280پر کال کریں تاکہ مضر صحت اشیاء کے خلاف بروقت کارروائی کی جا سکے۔