راولاکوٹ (کشمیر ڈیجیٹل)پرل ڈویلپمنٹ اتھارٹی راولاکوٹ کے ملازمین نے چھ ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے پر ہڑتال کرتے ہوئے اپنے دفتر کے باہر ہڑتالی کیمپ قائم کر دیا۔
جس میں ادارہ کے جملہ ملازمین کے علاوہ آفیسرز ایسوسی ایشن ضلع پونچھ ایپکا آزاد کشمیر، تنظیم ملازمین خوراک آزاد کشمیر ، فنی ملازمین ضلع پونچھ اور دیگر تنظیموں کے عہدیداران نے شرکت کی۔
ہڑتالی کیمپ سے سابق وزیر حکومت آزاد کشمیر سردار طاہر انور ایڈووکیٹ نے کہا کہ ملازمین پی ڈی اے کی تنخواہوں کا فوری اہتمام کیا جائے۔ ادارہ کو مستحکم کیا جائے اور اس کے مسائل فوری حل کئے جائیں۔
صدر آفیسرز ایسوسی ایشن پونچھ ظفر محمود نے کہا کہ پی ڈی اے کا ادارہ ایک عرصہ سے مالی اور انتظامی مشکلات کا شکار ہے۔ بار بار کی ہڑتالوں کے باوجود اس کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل نہیں کیا جا رہا جو کہ سراسر زیادتی اور نا انصافی ہے۔
اعلیٰ حکام، اعلیٰ سطحی یقین دہانیوں اور یاد دہانیوں کے باوجود پی ڈی اے کے غریب ملازمین کو تنخواہوں کی عدم دستیابی ملازمین اور ان کے خاندانوں کا خون کرنے کے مترادف ہے۔
مظاہرین کا کہنا تھاکہ ہم ایک بار پھر حکومت اور ذمہ داران کو ہفتہ بھر کا آخری نوٹس دیتے ہیں کہ اگر ایک ہفتہ کے اندر پی ڈی اے کے جملہ مسائل حل نہیں کئے جاتے تو پورے کمپلیکس کے ملازمین سراپا احتجاج ہوں گے۔
ایپکا، فوڈ اور فنی ملازمین کے ذمہ داران سردار آصف حنیف، ناظم افتخار اور داؤد رفیق نے کہا کہ روز روز مرنے سے بہتر ہے کہ اب پی ڈی اے کے مسائل حل کئے جائیں یا تا دم مرگ ہڑتال کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پی ڈی اے ملازمین کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے جملہ مسائل کے حل تک پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ہڑتالی کیمپ سے طارق محبوب، فیاض نقی، اجمل برکت، زرین زمان اور فیاض خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہر فورم پر اپنے مسائل کے حوالہ سے بات کی اور ہر فورم نے ہمارے مطالبات کو درست تسلیم کیا مگر ابھی تک ان کے حل کیلئے کوئی پیش رفت نہیں کی۔
لہذا اب ملازمین پی ڈی اے اپنے مطالبات کے تسلیم ہونے اور عملدرآمد ہونے تک ہڑتال جاری رکھیں گے۔ ہمارے مطالبات واضح اور جائز ہیں۔
ملازمین پی ڈی اے کی تنخواہوں کو باقاعدہ ریگولر کیا جائے۔ پی ڈی اے ملازمین کی ریٹائرمنٹ پر پنشن کمیوٹیشن اور دوسری مراعات کا اہتمام کیا جائے۔
ملازمین کی ترقیابی کے کیسز اور دیگر معاملات کو یکسو کیا جائے اور ادارہ کی چھ ماہ کی تنخواہوں کا فوری انتظام کیا جائے۔
کرپشن الزامات: معاون خصوصی امجد علی خان،پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی نیب طلب