جموں کشمیر سیلف ڈیٹرمنیشن موومنٹ انٹرنیشنل (JKSDMI) کے وفد نے آزاد کشمیر کی وزیر حکومت محترمہ امتیاز نسیم کے ہمراہ برطانوی رکن پارلیمنٹ کیٹ ڈیئرڈن (MP ہالیفیکس) سے ان کے دفتر میں ملاقات کی ۔
اس ملاقات کا اہتمام سابق میئر کالڈرڈیل چوہدری ارشد محمود نے کیا تھا۔وفد کی قیادت JKSDMI کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین (ستارۂ پاکستان)، سرپرست سردار عبد الر حمٰن خان اور ایڈمنسٹریشن ڈائریکٹر ہیری بوٹا کر رہے تھے ۔
ملاقات کے دوران وزیر برائے جموں کشمیر لبریشن سیل، محترمہ امتیاز نسیم نے کیٹ ڈیئرڈن کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا،کشمیری عوام خصوصاً خواتین اور نوجوانوں پر بھارتی سیکیورٹی فورسز کے مظالم کے حوالے سے تفصیلات پیش کیں ۔
یہ بھی پڑھیں:بریڈفورڈ میں مسئلہ کشمیر پر خصوصی ظہرانہ، امتیاز نسیم اور برطانوی ارکان پارلیمنٹ کو خراجِ تحسین
ملاقات میں وفد نے بھارتی جیلوں میں قید کشمیری سیاسی قیدیوں کی حالت زار اور ان کی صحت کے بگڑتے ہوئے حالات پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ برطانوی پارلیمنٹ میں ان مسائل کو مؤثر طور پر اُٹھایا جائے ۔
کیٹ ڈیئرڈن نے وفد کی بریفنگ کو سنجیدگی سے سنا اور کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ وہ اس مسئلے کو برطانوی ایوان میں اُجاگر کریں گی ۔
یہ بھی پڑھیں:وزیرِ حکومت آزادکشمیرامتیاز نسیم کا لندن آمد پر پرتپاک استقبال، کمیونٹی کی جانب سے شاندار تقریبات
انہوں نے لندن میں منعقد ہونے والی آئندہ کشمیر کانفرنسز اور ہالیفیکس میں ایک خصوصی کمیونٹی اجلاس میں شرکت کا وعدہ بھی کیا ۔ ملاقات کے دوران JKSDMI کی مستقبل کی سرگرمیوں، برطانوی سیاستدانوں سے روابط اور کمیونٹی انگیجمنٹ پر بھی تبادلہ خیال ہوا ۔
یہ ملاقات مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور کشمیری عوام کی آزادی کے لیے جاری سفارتی کوششوں کا ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے ۔




