چوہدری یٰسین

تحریک آزادی کشمیر نے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑا ہے : چوہدری یٰسین کا یومِ شہداء پر بیان

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری محمد یٰسین نے یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر شہدائے کشمیر کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ 13 جولائی 1931ء کے شہداء اور ان کے بعد آزادی کی راہ میں جانیں قربان کرنے والے کشمیری عوام کی بے مثال قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی ۔

اپنے بیان میں چوہدری یٰسین نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدو جہد آزادی نے نہ صرف تحریک کو تقویت بخشی بلکہ عالمی ضمیر کو بھی جھنجھوڑا ہے ۔

یہ بھی پڑھیں:ملک باسط شریف اعوان پیپلز پارٹی میں شامل،پارٹی کو تقویت ملے گی،چوہدری یٰسین

انہوں نے زور دیکرکہا کہ مسئلہ کشمیر کسی سرحدی تنازعے کا نہیں بلکہ ایک سنگین انسانی المیے کا عکس ہے، جس میں لاکھوں افراد بنیادی انسانی حقوق سے محروم کیے جا رہے ہیں ۔

چوہدری یٰسین نے بھارت کے زیرِ تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری ریاستی جبر و تشدد اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت نے طاقت کے بل بوتے پروادی غاصبانہ قبضہ جما رکھا ہے جو اقوا م متحدہ کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہے ۔

انہوں نے اقوام متحدہ اور بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا فوری طور پر نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا بنیادی و پیدائشی حق ، یعنی حقِ خودارادیت دلانے کے لئے عملی اقدامات کرے ۔

یہ بھی پڑھیں:برادری ازم کیخلاف ہیں،آزاد کشمیر میں جلد پیپلز پارٹی کا راج ہوگا،چوہدری یٰسین

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہدائے کشمیر کے مشن کی وارث ہے اور آزادی کی اس جدوجہد میں کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔  پیپلز پارٹی کشمیری عوام کی ہر فورم پر سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی ۔

Scroll to Top