بریڈفورڈ میں مسئلہ کشمیر پر خصوصی ظہرانہ، امتیاز نسیم اور برطانوی ارکان پارلیمنٹ کو خراجِ تحسین

جموں و کشمیر سیلف ڈیٹرمنیشن موومنٹ انٹرنیشنل (JKSDMI) کی جانب سے بریڈفورڈ میں وزیر حکومت آزاد جموں و کشمیر محترمہ امتیاز نسیم ایم ایل اے اور برطانوی اراکین پارلیمنٹ کے اعزاز میں ایک پروقار ظہرانے کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کی میزبانی تنظیم کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین (ستارۂ پاکستان) نے کی، جبکہ پیٹر برو میں ایک اور باوقار تقریب کا اہتمام معروف کشمیری رہنما راجہ اعجاز شائق نے کیا، جس نے وزیر حکومت کے دورۂ برطانیہ کو ایک تاریخی موقع بنا دیا۔

تقریب کا مقصد نہ صرف وزیر حکومت کو خوش آمدید کہنا تھا بلکہ ان برطانوی اراکین پارلیمنٹ کو بھی خراجِ تحسین پیش کرنا تھا جو مسئلہ کشمیر پر طویل عرصے سے کشمیری عوام کا سیاسی، سفارتی اور اخلاقی ساتھ دے رہے ہیں۔

بریڈفورڈ میں منعقدہ تقریب میں لارڈ واجد خان آف برنلے، انڈر سیکرٹری آف اسٹیٹ برائے فیتھ میٹرز، کمیونٹیز اور ری سیٹلمنٹ، اور بیرسٹر عمران حسین ایم پی، چیئرمین آل پارٹی پارلیمنٹری گروپ (APPG) برائے کشمیر سمیت متعدد سیاسی، سماجی اور کمیونٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔

محترمہ امتیاز نسیم نے برطانوی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر پر آواز بلند کرنے والے ارکان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کو JKSDMI کی خصوصی شیلڈز بھی پیش کیں۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ برطانیہ میں مقیم کشمیری اور ان کے حامی عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرتے رہیں گے۔

اسی سلسلے میں پیٹر برو (برطانیہ) میں بھی وزیر حکومت محترمہ امتیاز نسیم کے اعزاز میں ایک پروقار استقبالیہ تقریب اور عشائیہ کا اہتمام کیا گیا، جس کا انعقاد ممتاز کشمیری راہنما راجہ اعجاز شائق نے کیا۔ اس موقع پر کشمیری کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور وزیر حکومت کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔

تقریب میں مسلم لیگ ن برطانیہ کے میڈیا کوآرڈینیٹر راجہ شفیق پلاہلوی، سابق ایڈمنسٹریٹر چڑہوئی ڈاکٹر راجہ نثار خان، سابق صدر پریس کلب چڑہوئی نشاط ثانی اور نوجوان راہنما راجہ تیمور شاہین نے خصوصی شرکت کی۔ راجہ اعجاز شائق کے ہمراہ راجہ طارق جمیل، راجہ جاوید اقبال، راجہ جہانزیب عارف، راجہ احتشام اعظم سمیت دیگر کمیونٹی رہنماؤں نے بھی بھرپور شرکت کی۔

اس موقع پر مقررین نے تحریکِ آزادی کشمیر، خطے کی موجودہ صورتحال اور بھارتی جارحیت کے خلاف پاک فوج کی بہادری پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔

تقریب کے دوران مرحوم کرنل (ر) راجہ نسیم خان کی سیاسی و سماجی خدمات کو یاد کیا گیا اور انہیں بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ مقررین نے ان کی جرات، خلوص اور اصول پسندی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام دوست شخصیت تھے جنہوں نے ہمیشہ قومی مفاد کو ترجیح دی۔

یہ بھی پڑھیں: وادی نیلم میں دیودار کی لکڑی کی اسمگلنگ ناکام، سیاسی شخصیت اور ان کے بیٹے کے خلاف مقدمہ درج

تقریب کے اختتام پر محترمہ امتیاز نسیم کے بھائی، راجہ خنیف خان کے ماموں، راجہ مظہر پہلوان، اور سابق صدر پریس کلب چڑہوئی راجہ یونس خان کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا اور مرحومین کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔

Scroll to Top