اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان پیپلز پارٹی میں سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان سمیت دیگر اہم سیاسی رہنماؤں کی شمولیت کے موقع پر اسلام آباد میں ایک پرتکلف اور باوقار ظہرانے کا انعقاد کیا گیا، جس کی میزبانی سابق قائم مقام وزیراعظم آزاد کشمیر، پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و سی ای سی کے رکن چوہدری پرویز اشرف اور سابق مشیر حکومت سردار امجد یوسف نے مشترکہ طور پر کی۔
خصوصی تقریب میں پارٹی میں شامل ہونے والے سینئر سیاسی قائدین کو خوش آمدید کہا گیا، جبکہ سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کو بطور مہمانِ خصوصی مدعو کیا گیا جن کی شمولیت کو تقریب کا مرکزی نکتہ اور پیپلز پارٹی کے لیے ایک اہم سیاسی پیش رفت قرار دیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی میں ان کی شمولیت کسی وقتی مفاد یا سیاسی مفاہمت کا نتیجہ نہیں بلکہ نظریاتی وابستگی اور عوامی خدمت کے تسلسل کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب انہیں پیپلز پارٹی کی قیادت کی جانب سے شمولیت کی دعوت ملی تو انہوں نے بغیر کسی شرط، تحفظ یا مطالبے کے اس دعوت کو قبول کیا کیونکہ وہ صدر آصف علی زرداری کی سیاسی بصیرت، تدبر اور مفاہمتی حکمت عملی سے گہرے طور پر متاثر ہیں۔
سردار تنویر الیاس نے کہا کہ آصف علی زرداری نے ملک کے سب سے کٹھن حالات میں اپنی تدبرانہ قیادت سے قوم کو جوڑ کر “پاکستان کھپے” کا نعرہ دیا اور قومی وحدت کا علم بلند رکھا۔
انہوں نے کہا کہ آج بلاول بھٹو زرداری کی جدید، متحرک اور وژنری قیادت پاکستان پیپلز پارٹی کو نئی سیاسی بلندیوں کی طرف لے جا رہی ہے، اور وہ اور ان کا خاندان پارٹی کی تنظیم سازی، پیغام رسانی اور 2026 کے انتخابات میں واضح اکثریت سے کامیابی کے لیے شب و روز کام کریں گے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس خان کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کو ایک تاریخی موڑ اور پارٹی کے مستقبل کے لیے مضبوط قدم قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ بحرانوں میں ملک کی رہنمائی کرتی رہی ہے اور صدر آصف علی زرداری کی مفاہمتی سیاست نے ملک کو سفارتی اور اقتصادی تنہائی سے نکالا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آزاد کشمیر کے نمایاں سیاسی قائدین کی پیپلز پارٹی میں آمد اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ عوام اور قیادت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جرات مندانہ اور باشعور قیادت پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں، اور یہی اعتماد 2026 کے انتخابات میں پارٹی کو فیصلہ کن کامیابی دلائے گا۔
تقریب کے میزبان اور سابق قائم مقام وزیراعظم چوہدری پرویز اشرف نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا اجتماع نظریہ بھٹو کی جیت اور عوامی طاقت کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ سردار تنویر الیاس خان، سردار یعقوب احمد خان، چوہدری لطیف اکبر، وزراء، مشیران، اراکین اسمبلی اور دیگر سرکردہ شخصیات کی پارٹی میں شمولیت اس حقیقت کا بین ثبوت ہے کہ پیپلز پارٹی ایک مرتبہ پھر آزاد کشمیر میں مرکزی سیاسی طاقت بن کر ابھر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نظریہ ہمیشہ غالب رہتا ہے اور آج کا اجتماع اس نظریاتی تسلسل اور عوامی حمایت کی گواہی دے رہا ہے۔ چوہدری پرویز اشرف نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ایک بے باک، عوام دوست اور سیاسی طور پر فعال رہنما سردار تنویر الیاس خان آج بھٹو ازم کی صف میں شامل ہوئے ہیں۔
دوسرے میزبان، سابق مشیر حکومت سردار امجد یوسف نے مسلم لیگ (ن) پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے قائدین کو سیاسی بیان بازی سے قبل پیپلز پارٹی کی سیاسی قربانیوں کا ادراک کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت مسلم لیگ (ن) کی نہیں بلکہ پیپلز پارٹی کی سیاسی حکمت عملی اور قربانیوں کی بدولت قائم ہوئی ہے، لہٰذا مسلم لیگ ن کے رہنما صدر آصف علی زرداری سے سیاسی شعور اور بردباری سیکھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج کا دن آزاد کشمیر کی سیاست میں نئی صف بندی کی ابتدا ہے اور مستقبل پاکستان پیپلز پارٹی کا ہے۔ اس باوقار اور اہم تقریب میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، سابق صدر و وزیراعظم سردار یعقوب احمد خان، اسپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر، وزیر حکومت چوہدری جاوید بٹ، وزیر حکومت سید بازل نقوی، وزیر حکومت چوہدری جاوید بڈھانوی، وزیر حکومت چوہدری قاسم مجید، ممبر اسمبلی چوہدری علی شان سونی، ممبر اسمبلی چوہدری رفیق نیر، مشیر حکومت احمد صغیر، مشیر حکومت نبیلہ ایوب، سابق وزیر حکومت سردار عابد حسین عابد، امیدوار اسمبلی سردار سعود صادق، سابق معاون خصوصی سردار امتیاز شاہین، سابق معاون خصوصی سردار افنان نواز، امیدوار اسمبلی رئیس انقلابی، سابق امیدوار اسمبلی شوکت جاوید میر، ڈسٹرکٹ کونسلر باغ مرزا وحید بیگ، صاحبزادہ ذوالفقار علی، بریگیڈیئر (ر) ڈاکٹر لیاقت، کرنل (ر) شجاعت، عامر ذیشان جرال، سردار شکور، چوہدری فریاد بدھن، سردار فوزیب، سردار عادل، راشد مغل، شیخ لیاقت، اعزدار شاہ، ربنواز طاہر، سردار آفاق سمیت آزاد کشمیر اور پاکستان بھر سے تعلق رکھنے والے درجنوں اہم سیاسی و سماجی رہنما شریک ہوئے۔
یہ تقریب نہ صرف پیپلز پارٹی کی تنظیم نو کی طرف ایک واضح قدم تھی بلکہ اس نے یہ پیغام بھی دیا کہ سردار تنویر الیاس خان جیسے فعال رہنما کی شمولیت پارٹی کی سیاسی قوت کو مزید مستحکم کرے گی۔ ان کی شمولیت آزاد کشمیر کی سیاسی صف بندی کو نئی شکل دے گی اور آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کے لیے فیصلہ کن فتح کی بنیاد رکھے گی۔
عدالتی فیصلے میرٹ پر ہوں گے، کلرکس کی بدعنوانی برداشت نہیں:چیف جسٹس آزادکشمیر