آزادکشمیرانتخابات کیلئے ن لیگ کی تیاریاں شروع،راناثناکی سربراہی میں8رکنی کمیٹی قائم

اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت نے پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے جماعتی ، سیاسی وانتخابی امور کی سر انجام دہی اور فیصلہ سازی کیلئے راناثنااللہ خان کی سربراہی میں8رکنی کمیٹی تشکیل دیدی۔

مسلم لیگ ن آزاد کشمیرکے سیکرٹری جنرل چوہدری طارق فاروق کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کمیٹی کی سربراہیصدر مسلم لیگ ن پنجاب و مشیر سیاسی امور وزیر اعظم پاکستان راناثنااللہ کو سونپی گئی ہے۔

کمیٹی کے ممبران میں صدر مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا و وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام،صدر مسلم لیگ ن آزادکشمیر شاہ غلا م قادر،سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات میں مضبوط امیدوار اتارنے کا اعلان، ن لیگ پوری طرح متحرک: رانا ثنا اللہ

مسلم لیگ ن آزاد کشمیرکے سینئر نائب صدرمشتاق احمد منہاس،مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے سیکرٹری جنرل چوہدری طارق فاروق،ڈاکٹر محمد نجیب نقی اور بیرسٹر افتخار گیلانی بھی کمیٹی کا حصہ ہونگے۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کے بعد سیاسی ماحول کافی گرم ہے اورمسلم لیگ ن کی بھی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ نئے لوگوں کو پارٹی میں شامل کیا جائے۔

سردار تنویر الیاس کے بھائی یاسر الیاس ن لیگ میں شامل ہو کر وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر بھی بن چکے ہیں ، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی قیادت اس کوشش میں ہے کہ طاقتور لوگوں کو پارٹی میں لایاجائے تاکہ الیکشن میں کامیابی سمیٹی جا سکے۔

پیپلزپارٹی نے یاسرالیاس کی ن لیگ میں شمولیت کو پری پول ریکنگ قرار دیا تھا۔

Scroll to Top