مظفر آباد: وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے اپوزیشن لیڈرخواجہ فاروق کو مشاورت کیلئے دو ماہ بعد بھی ملاقات کیلئے وقت نہ دیا ، اپوزیشن لیڈر کی طرف سے خط لکھ کر یادہانی کا بھی کوئی اثر نہ ہوا۔
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنرآزادکشمیر جسٹس (ر) عبدالرشید سلہریا14جنوری 2025کو ریٹائر ہو ئے لیکن وزیراعظم کی طرف سے نئے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کیلئے اپوزیشن لیڈر سے مشاورت نہ ہوسکی۔
گزشتہ ماہ 24جون کو اپوزیشن لیڈر نے وزیراعظم کو سیکرٹری کے ذریعے خط لکھ کر یادہانی کرائی کہ مشاورت ناگزیر ہے لہذاملاقات کا وقت دیا جائے لیکن خط کا کوئی جواب آیا نہ ملاقات کا وقت مل سکا۔
چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی نہ ہونے پر الیکشن کمیشن 6ماہ سے غیر فعال ہے اور کئی مقامات پر ضمنی بلدیاتی انتخابات بھی رکے ہوئے ہیں لیکن حکومت کی طرف سے تاخیری حربے آزمائے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: انوار الحق سے مشاورت نہ ہو سکی : خواجہ فاروق نے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کیلئےنام شہباز شریف کو ارسال کر دئیے
یہ بھی اطلاعات ہیں کہ اپوزیشن لیڈر نے اپنا پینل ڈائریکٹ وزیراعظم شہبازشریف کو منظوری کیلئے بھیجا ہے ۔
چیف الیکشن کمشنر کے علاوہ آزادکشمیر ہائیکورٹ میں بھی ججز کی 5اسامیاں خالی ہیں ان پر بھی نامزدگیاں نہیں کی جاسکیں۔
چیف الیکشن کمشنر اور ججز کی تعیناتی کیلئے وزیراعظم کی اپوزیشن لیڈر سے مشاورت آئینی ذمہ داری ہے لیکن یہ مشاورت کا عمل مکمل نہیں ہورہا جس پر لوگوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔