پی ٹی آئی نے میرے ساتھ بے وفائی کی ،واپسی کی آفر ہوئی جو قبول نہیں کی،سردار تنویرالیاس

اسلام آباد:آزادکشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی بے وفائی پر پارٹی کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔

سردار تنویر الیاس نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب آزاد کشمیر میں ہماری حکومت ختم ہوئی تو پاکستان تحریک انصاف نے ہمارا ساتھ نہیں دیا۔

عدالتی فیصلہ آیا تو ساتھ دینے کے بجائے مجھ سے آزاد کشمیر میں پارٹی کی صدارت کا عہدہ بھی اسی دن واپس لے لیاگیا۔

یہ بھی پڑھیں: سردار تنویرالیاس پیپلزپارٹی مرکزی سیکرٹریٹ پہنچ گئے، فقید المثال استقبال ، پارٹی پرچم لہرادیا

انہوں نے کہا کہ جب میں نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تو آزاد کشمیر میں پارٹی کا نام و نشان تک نہیں تھا، میں نے بلدیاتی انتخابات کروا کر وارڈ لیول تک پارٹی کا جھنڈا لہرایا۔

تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ آزادکشمیر میں پی ٹی آئی ختم ہوچکی ہے ، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی تحریک مجھے سوشل میڈیا کے سواکہیں چلتی نظر نہیں آتی، مجھے پی ٹی آئی میں واپسی کی آفر کی گئی تھی جو میں نے قبول نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی میں شمولیت کی بڑی وجہ قانون ساز اسمبلی میں دوسری بڑی جماعت ہے اور آزاد کشمیر میں پیپلزپارٹی کی پوزیشن کافی مضبوط ہے۔

صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا شکریہ ادا کرتاہوں اور انہوں نے جو اعتماد کیا اس پرپورا اتروں گا، پیپلزپارٹی کو آزاد کشمیر میں مزید مضبوط بنائیں گے۔

 

Scroll to Top