عدالت کا عمران ریاض، معید پیرزادہ ،احمدنورانی سمیت 27 یوٹیوبرز کے چینلز بلاک کرنے کا حکم

اسلام آباد کی عدالت نےعمران ریاض، معید پیرزادہ ،احمدنورانی سمیت27 معروف یوٹیوبرز کے یوٹیوب چینلز کو بلاک کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے یوٹیوب چینلز کی بندش سے متعلق دائر درخواست پر سماعت کے بعد دو صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا۔

منگل کے روز عدالت نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ تحقیقاتی ادارہ کی جانب سے فراہم کردہ شواہد اطمینان بخش ہیں اور قانون کے مطابق کارروائی کی جا سکتی ہے۔

ایف آئی اے نے موقف اختیار کیا تھا کہ ان یوٹیوب چینلز پر ریاستی اداروں کے خلاف منفی، گمراہ کن اور اشتعال انگیز مواد نشر کیا جا رہا ہے جس سے ریاستی سلامتی کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایک سال بعد تلاش ختم ،برطانوی یوٹیوبر کو جہلم سے گمشدہ ایئرپوڈزمل گئے

تحریری حکم نامے کے مطابق ایف آئی اے نے دو جون کو اس معاملے پر باقاعدہ انکوائری کا آغاز کیا تھا۔ عدالت نے نےعمران ریاض، معید پیرزادہ ،احمدنورانی ،مطیع اللہ جان، اسد طور، صدیق جان سمیت 27 یوٹیوب چینلز کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کی بندش کا حکم دیا ہے۔

یوٹیوب کی کمپنی گوگل کے آفیسر انچارج کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان چینلز کی رسائی فوری طور پر بند کرے۔

ایف آئی اے کے سائبر کرائم سرکل کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ان یوٹیوب چینلز پر ریاستی اداروں اور افسران کے خلاف جھوٹ، فیک نیوز، توہین آمیز اور اشتعال انگیز مواد پھیلایا جا رہا ہے جو عوامی بے چینی، خوف اور بغاوت جیسے جذبات کو ہوا دے سکتا ہے۔

ان چینلز میں جن شخصیات یا پلیٹ فارمز کے نام شامل کیے گئے ہیں ان میں صبیح کاظمی، اوریا مقبول جان، آرزو کاظمی، ساجد گوندل، حبیب اکرم، صابر شاکر، عمران خان، آفتاب اقبال، ڈیلی قدرت، عبدالقادر، وجاہت سعید خان، نظر چوہان، ،مخدوم شہاب الدین، شایان علی اور دیگر شامل ہیں۔

Scroll to Top