ن لیگ بنانےو الوں میں شامل ہوں،مجھے ٹکٹ نہ ملا توشاہ غلام قادر، فاروق حیدر کو بھی نہیں ملے گا، یاسین گلشن

عباسپور:حلقہ ایل اے 18 عباس پورپونچھ 1 سے مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء وسابق وزیر حکومت چوہدری یاسین گلشن نے آئندہ الیکشن خود لڑنے اور مہم کاآغاز کرنے کا باضابطہ اعلان کردیا۔

اپنی رہائشگاہ گلشن ہائوس عباسپور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے یاسین گلشن نے کہا کہ مسلم لیگ ن بنانے اورٹکٹ دینے والوں میں شامل ہوں ،پھر بھی لوگ کہتے ہیں کہ مجھے پارٹی ٹکٹ نہیں ملے گاتو پھرشاہ غلام قادر،راجہ فاروق حیدر کو بھی نہیں ملے گا۔

یاسین گلشن کا کہنا تھاکہ یہ فیصلہ ہوچکاہے کہ ٹکٹ سابقہ لوگوں کو ہی ملے گا، پارٹی رہنما وکارکن الیکشن مہم شروع کردیں،آئندہ الیکشن کارکنوں اور حلقہ عوام کی تائید وحمایت سے جیتوں گا۔

انہوں نے کہا کہ میرے واضح اعلان کے بعد تمام خود ساختہ افواہوں اور پروپیگنڈا ساز فیکٹریوں کی زبان بندی ہوجانی چاہیےکہ یاسین گلشن الیکشن نہیں لڑے گا۔

یاسین گلشن نے موجودہ وزیراعظم آزاد کشمیرانوارالحق پر کڑی نکتہء چینی کرتے ہوئے کہا کہ اس شخص کی ناتجربہ کاری،غلط منصوبہ بندی اور اچھل کود کے باعث آزاد کشمیر کے عوام کی مشکلات آلام اور مصائب میں اضافہ ہواہے۔

یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر انتخابات میں مضبوط امیدوار اتارنے کا اعلان، ن لیگ پوری طرح متحرک: رانا ثنا اللہ 

مقتدر حلقوں نےجس طرح اسکو رات کی تاریکی میں عوام پر مسلط کیا تھا اسی طرح اس سےآزاد کشمیر کے عوام کی جان چھڑائی جائے اسکی عوام دشمن پالیسیوں سے ملک اور قوم کو بڑے نقصان کا اندیشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس حلقہ سے جیتے ہوئے امیدوار قیوم نیازی جن کو عمران نیازی نے وزیر اعظم بھی بنایا ،بدقسمتی سے وہ اتنے بڑے عہدہ پر فائز ہونے کے باوجود حلقہ کے عوام کے لئے کوئی خاطر خواہ کام نہیں کرسکے ۔

ہمارے حلقہ کی حالت زار ان پانچ سالوں میں انتہائی دگرگوں، بنجر اور بھیانک ہوگئی ہے۔ ایم ایل اے فنڈ کی مد میں ملنے والے پیسے ایم ایل اے نے مخصوص ٹولے میں بانٹ دیئے ہیں۔

انہوں نے حکومت کو ایک ماہ کا الٹی میٹم دیتے ھوئے کہا کہ عباسپور کی بجلی کے تمام مسائل حل کرو وگرنہ انجام کے لئے تیار ہوجاؤ

انہوں نے کہا کہ میرے حلقے میں اب کوئی بدمعاشی نہیں چل سکتی اگر حلقے میں ماضی کی طرح مفرور لا کر کسی نے بدمعاشی کے زورپر الیکشن چوری کرنے کی کوشش کی تو اس کا بھی ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔

Scroll to Top