آزادکشمیر کابینہ، ہنر مند نوجوان کیلئے قرض سکیم منظور، صحت کارڈ کے اجراء کا بھی فیصلہ

وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق کی زیر صدارت اجلاس میں کابینہ نے بلدیاتی نمائندگان کو ایک ارب روپے کے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دیدی گئی جبکہ صحت کارڈ کے اجراء کیلئے وزیر صحت کو ٹاسک سونپا گیا، کابینہ نے ہنر مند نوجوانوں کیلئے قرض سکیم کی بھی منظوری دیدی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم انوارالحق کی زیر صدارت کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر خزانہ عبدالماجد خان نے بتایا کہ کابینہ نے بھارتی وزیر دفاع کے بیان کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیاہے کہ تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ سے بھارت کی جانب سے کسی بھی قسم کی شرانگیزی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا

آزادکشمیر کابینہ نے ہنر مند نوجوانوں کیلئے قرض سکیم کی منظوری دیدی ہے جس کے تحت سیاسی وابستگی وصنفی امتیاز سے بالاتر ہو کر بینک آف آزاد جموں و کشمیر کےزیر اہتمام قرضے دیئے جائیں گے، معذور افراد اور ٹرانس جینڈر کا کوٹہ بھی مختص ہوگا۔

کابینہ اجلاس میں بلدیاتی نمائندوں کیلئے 1ارب روپے کےفنڈ کی بھی منظوری دی گئی اور عام آدمی کے علاج معالجے کیلئے صحت کارڈ کی اجرائیگی کا بھی فیصلہ کیاگیا ہے اور وزیر صحت کو خصوصی ٹاسک دیا گیا ہے۔

کابینہ نے بڑھتے ہوئے ماحولیاتی تبدیلیوں کے ممکنہ نقصانات سے نمٹنے کیلئے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سردار ضیاء القمر کی سربراہی میں ٹاسک فورس تشکیل دیدی۔

کابینہ نےہائر ایجوکیشن کے کنٹریکٹ ملازمین کی پالیسی کی بھی منظوری دیدی ۔وزیرخزانہ عبدالماجد خان نے کہاکہ کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے 05 فروری ”یوم یکجہتی کشمیر“ کو منفرد انداز میں منائیں گے ۔یوم یکجہتی کے موقع پر دارالحکومت مظفرآباد سمیت تمام انٹری پوائنٹس اور ضلعی ہیڈکوارٹرز میں شایان شان طریقے سے تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

وزیر خزانہ نے کہاکہ سیاسی وابستگی سے قطع نظر سپیکر اسمبلی پر حملے میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیراس معاملے کی خود نگرانی کررہے ہیں۔

قبل ازیں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منایا جائے گا ،پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی بین الاقوامی فورمز پر بھرپور وکالت کی ہے، گورننس سسٹم کو بہتر بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ کوٹہ کی بنیاد پر تمام تعلیمی اداروں میں فیکلٹی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاک فوج کی وطن کے دفاع کیلئے قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ،عوام کی فلاح کے لیے تمام ممکنہ وسائل فراہم کئے جائیں گے،ٹیکس نیٹ بڑھانے سے ریونیو میں اضافہ ہوگا۔

Scroll to Top