نئی دہلی، مودی سرکار بین الاقوامی میڈیا کی جانب سے سچ دکھانے پر ان کی آواز کو روکنے کیلئے مسلسل پابندیوں کا سہارا لے رہی ہے، حالیہ اقدامات میں بھارت نے رائٹرز کے ’ ایکس اکاؤنٹس ’ تک اپنے صارفین کی رسائی محدود کر دی ہے۔
بھارتی اخبار دی پرنٹ نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا کہ بین الاقوامی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے ایکس اکاؤنٹس کو بھارت میں قانونی تقاضوں کے تحت بلاک کر دیا گیا ہے۔
دی پرنٹ کے مطابق بھارت میں رائٹرز اور رائٹرز ورلڈ کے اکاؤنٹس تک صارفین کی رسائی ممکن نہیں رہی، تاہم صارفین اب بھی رائٹرز کے دیگر 30 اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں جبکہ رائٹرز کی ویب سائٹ بھی بھارت میں بدستور قابل رسائی ہے۔
بھارت میں ایکس استعمال کرنے والے صارفین نے اسکرین شاٹس شیئر کرتے ہوئے دکھایا ہے کہ وہ رائٹرز کے ان اکاؤنٹس تک رسائی حاصل نہیں کر پا رہے۔
رائٹرز نے اکاؤنٹس پر پابندی کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا ہے، جب کہ بھارتی وزارتِ الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی نے ’انڈیا ٹوڈے‘ کو بتایا ہے کہ حکومت کی طرف سے ایسے کسی بھی اکاؤنٹ کو بلاک کرنے کا حکم نہیں دیا گیا۔
وزارت کے ترجمان نے بتایا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے رائٹرز کے ایکس ہینڈل کو ملک کے اندر محدود کرنے کی کوئی ہدایت نہیں دی گئی، ہم ایکس کے ساتھ مل کر اس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
دی پرنٹ نے یہ بھی بتایا کہ اس سے قبل بھی جب ایکس (سابقہ ٹوئٹر) نے قانونی تقاضوں کی بنا پر بھارت میں کچھ اکاؤنٹس تک رسائی محدود کی تھی تو اس وقت گورنمنٹ گلوبل آفیئرز ہینڈل کے ذریعے باقاعدہ بیانات جاری کیےگئے تھے لیکن اس بار ایسا کوئی بھی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ بھارت نے سوشل میڈیا پر کسی اکاؤنٹ تک رسائی روکی ہو۔ہندوستان ٹائمز کے ایک انسٹاگرام پوسٹ کے مطابق ان اکاؤنٹس کی ’ آپریشن سندور’ کے دوران صارفین تک رسائی روک دی گئی تھی۔