پاکستان میں مائیکروسافٹ کے دفاتر بند کرنے کی خبریں گمراہ کن قرار،وزارت آئی ٹی کی وضاحت

اسلام آباد: وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن نے بھارتی میڈیا کی اس خبر کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ مائیکروسافٹ نے پاکستان میں اپنے آپریشنز بند کر دیے ہیں۔ وزارت نے اسے جھوٹا، گمراہ کن اور پاکستان مخالف پروپیگنڈے کا تسلسل قرار دیا۔

وزارت کی جانب سے ہفتہ کو جاری کردہ بیان میں واضح کیا گیا کہ مائیکروسافٹ کا پاکستان میں کبھی مستقل دفتر موجود نہیں رہا، بلکہ کمپنی یہاں صرف لائژن آفس کے ذریعے کام کر رہی تھی، جبکہ پاکستان میں لائسنسنگ اور کمرشل سرگرمیاں پہلے ہی سے آئرلینڈ سے چلائی جا رہی تھیں جو کہ کمپنی کی عالمی پالیسی کا حصہ ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ مائیکروسافٹ نے پاکستان میں کوئی دفتر بند نہیں کیا، بھارتی میڈیا کا دعویٰ بے بنیاد ہے۔ لائژن آفس سے متعلق تبدیلی کمپنی کے ’ورک فورس آپٹیمائزیشن پروگرام‘ کا حصہ ہے۔

وزارت کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مائیکروسافٹ کی موجودگی برقرار ہے اور کمپنی کی وابستگی میں کوئی کمی نہیں آئی۔ وزارت نے مزید کہا کہ ہم مائیکروسافٹ اور دیگر بین الاقوامی ٹیک کمپنیوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور ایسا کوئی اشارہ نہیں ملا کہ مائیکروسافٹ پاکستان سے آپریشن ختم کر رہی ہے یا اسے محدود کر رہی ہے۔

قبل ازیں 4 جولائی کو بھارتی میڈیا میں رپورٹ کیا گیا تھا کہ مائیکروسافٹ نے پاکستان میں اپنے 25 سالہ آپریشنز ختم کر دیے ہیں اور یہ فیصلہ کمپنی کی عالمی سطح پر تنظیمِ نو اور ورک فورس میں کمی کی پالیسی کا حصہ ہے۔ ٹیک ویب سائٹ “ٹیک کرنچ” کو جاری کردہ بیان میں مائیکروسافٹ کے ترجمان نے تصدیق کی کہ کمپنی اب پاکستان میں اپنے صارفین کو علاقائی دفاتر اور ری سیلرز کے ذریعے سروس فراہم کرے گی۔

“یہ تبدیلی صارفین کی سروس پر اثرانداز نہیں ہوگی۔ ہم یہ ماڈل دنیا کے کئی ممالک میں کامیابی سے چلا رہے ہیں اور پاکستان میں بھی اعلیٰ معیار کی خدمات جاری رہیں گی،” ترجمان نے بیان میں کہا۔ رپورٹس کے مطابق، مائیکروسافٹ کے اس فیصلے سے پاکستان میں کمپنی کے صرف پانچ ملازمین متاثر ہوں گے۔ پاکستان میں کمپنی کا کوئی انجینیئرنگ یونٹ موجود نہیں تھا اور مقامی ٹیم زیادہ تر Azure اور Office جیسے پراڈکٹس کی سیلز سے متعلق امور انجام دیتی تھی۔

واضح رہے کہ مائیکروسافٹ نے حال ہی میں دنیا بھر میں 4 فیصد ورک فورس ، تقریباً 9 ہزار ملازمین کو کم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ وزارت نے مزید بتایا کہ مائیکروسافٹ نے گزشتہ برسوں کے دوران پاکستان میں اپنے لائسنسنگ اور کمرشل کنٹریکٹس کا انتظام پہلے ہی آئرلینڈ منتقل کر دیا تھا، جبکہ یومیہ سروسز مقامی سرٹیفائیڈ پارٹنرز کے ذریعے فراہم کی جا رہی تھیں۔ “ہم مائیکروسافٹ کی علاقائی اور عالمی قیادت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ یہ تبدیلی پاکستان میں صارفین، ڈیولپرز اور چینل پارٹنرز کے لیے کمپنی کی طویل المدتی وابستگی کو مزید مضبوط بنائے،” وزارت نے اپنے بیان میں کہا۔

مائیکروسافٹ کی پاکستان میں سرگرمیوں میں کمی ایسے وقت پر سامنے آئی ہے جب حکومتِ پاکستان نوجوانوں کو گوگل اور مائیکروسافٹ جیسے اداروں کے سرٹیفکیٹس فراہم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے، جس کا ہدف پانچ لاکھ نوجوانوں کی تربیت ہے۔ مائیکروسافٹ کی جانب سے آپریشن میں کمی کے بعد یہ منصوبہ متاثر ہو سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ڈی ایم اے کا عاشورہ کے دن شدید بارشوں کا الرٹ، تمام اضلاع کو ہنگامی اقدامات کی ہدایات

دوسری جانب، گوگل پاکستان میں ڈیجیٹل شعبے میں سرمایہ کاری جاری رکھے ہوئے ہے اور گزشتہ برس تعلیم کے شعبے میں 1 کروڑ 5 لاکھ ڈالر دینے کا اعلان کر چکا ہے۔ کمپنی 2026 تک پاکستان میں 5 لاکھ کروم بُک تیار کرنے کے منصوبے پر بھی غور کر رہی ہے۔

Scroll to Top