سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کا قریبی عزیز قتل ، مشتبہ شخص گرفتار ، تفتیش شروع

ہٹیاں بالا/کرائم رپورٹ ضلع جہلم ویلی کی تحصیل چکار کے علاقہ سربالہ،سلمیہ میں سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کے قریبی عزیز،ایک معصوم بچی کے باپ کو پستول سے گولی مار کر قتل کردیاگیا،تھانہ پولیس چکار نے نامعلوم قاتل/قاتلوں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے مقتول کے ایک قریبی رشتہ دار کو مشکوک ہونے کی بناء پر حراست میں لے لیا،تفتیش شروع مزید سنسنی خیز انکشافات کی توقع، پولیس نے قاتل/قاتلوں کو پکڑنے کے لیے جگہ جگہ ناکہ بندی،چھاپے مارنے شروع کردیے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کے قریبی عزیز،گورنمنٹ ڈگری کالج چکار کے ملازم راجہ نقاش منظوم ولد راجہ منظوم احمد خان ساکنہ اندراسیری کو سربالہ گاؤں میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات پستول سے فائر کر کے قتل کردیا گیا،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تھانہ پولیس چکار نے مقتول کی نعش جائے وقوعہ سے ریکور کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ہٹیاں بالا پہنچائی،جہاں پر اس کا پوسٹمارٹم کروانے کے بعد پولیس نے نعش ورثاء کے حوالے کردی،

ورثاء کی درخواست پر تھانہ پولیس چکار نے قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے مقتول کے ساتھ موٹر سائیکل پر سربالہ گاؤں جانے والے اس کے قریبی رشتہ دار اسامہ ولد رمیز ساکنہ اندراسیری کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کردی ہے،مزید انکشافات کی توقع کی جارہی ہے،پولیس کی جانب سے حراست میں لیے گیا(اسامہ) رشتے میں مقتول راجہ نقاش کابھتیجا ہے،اسامہ کے بقول فائرنگ کی آوازیں اسے رات ساڑھے آٹھ بجے سنائی دی جب کہ اسامہ نے واقعہ کی اطلاع رات دو بجے دی

،ایس پی جہلم ویلی مرزا زاہد حسین نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ راجہ نقاش منظوم کے قتل کے محرکات اور نامعلوم قاتل/قاتلوں کو ٹریس کرنے کے لئے تفتیش شروع کر دی گئی ہے جو بھی قتل میں ملوث ہوا،اسے جلد ازجلد گرفتار کرکے پابند سلاسل کیا جائے گا،

ورثاء کا کہنا ہے کہ راجہ نقاش منظوم کے نامعلوم قاتلوں کو پولیس ٹریس کرکے فوری گرفتار کرے،دریں اثناء مقتول راجہ نقاش کی نماز جنازہ چکار کے گاؤں اندراسیری میں ادا کی گئی جس میں ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی،مقتول کو آبائی علاقہ کے قبرستان میں اشکبار آنکھوں کے سائے میں منوں مٹی تلے سپرد خاک کردیا گیا،قتل کی اس لرزہ خیز واردات کے باعث چکار اور گردونواح کی فضا سوگوار ہے۔۔۔۔
وادیِ لیپہ عوام کا بدترین لوڈشیڈنگ کیخلاف شدید احتجاج، مظاہرین کا پاور ہاؤس کا پانی بند کرنے کی کوشش

Scroll to Top