زرمبادلہ ذخائر

زرمبادلہ ذخائر میں ریکارڈاضافہ: پاکستانی معیشت کیلئے خوشخبری

پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جو ملکی معیشت کے لیے ایک خوش آئند پیشرفت قرار دی جا رہی ہے ۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق 27 جون 2025 کو ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر 18 ارب 9 کروڑ 11 لاکھ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے ہیں ۔

اس نمایاں اضافے کا بنیادی سبب حکومت کو موصول ہونے والی بیرونی مالی معاونت اور قرضوں کی فراہمی ہے ، جس کے نتیجے میں صرف ایک ہفتے کے دوران سرکاری ذخائر میں 3 ارب 66 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔

یہ بھی پڑھیں: بجٹ کے آفٹر شاکس،پاک سوزوکی نے گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا

اس اضافے کے بعد مرکزی بینک کے ذخائر 12 ارب 72 کروڑ 78 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئے، جو گذشتہ کئی مہینوں کے مقابلے میں ایک بڑی بہتری ہے ۔

کمرشل بینکوں کے پاس موجود ذخائر اس عرصے میں5 ارب 36 کروڑ 33 لاکھ ڈالر رہے ، جو نسبتاً مستحکم سطح پر برقرار ہیں ۔

مزید برآں 30 جون 2025 کو حکومت کو مزید مالی معاونت حاصل ہوئی ، جس کے بعد سرکاری ذخائر بڑھ کر 14 ارب 51 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئے ۔

ماہرین معیشت کے مطابق زرمبادلہ ذخائر میں اس قدر اضافہ روپے کے استحکام ، درآمدی ضروریات کی بہتر تکمیل ، اور بیرونی قرضوں کی بروقت ادائیگی کی صلاحیت میں بہتری کا باعث بنے گا ۔

اس پیشرفت سے ملک میں مالیاتی پالیسیوں پر اعتماد بحال ہوگا ، جبکہ عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ تعلقات میں بہتری اور سرمایہ کاری کی راہیں بھی ہموار ہو سکتی ہیں ۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیر ڈیجیٹل سروے پر باغ انتظامیہ ان ایکشن،گاڑی پارکنگ کیلئے 3 پوائنٹس مقرر

مجموعی طور پر زرمبادلہ ذخائر میں یہ اضافہ پاکستان کے مالیاتی استحکام کی طرف ایک مثبت قدم تصور کیا جا رہا ہے ، جو آنے والے دنوں میں معیشت پر مثبت اثرات مرتب کرے گا ۔

Scroll to Top