بلدیاتی نمائندگان کی تحریک فیصلہ کن مراحل میں داخل : آزاد کشمیر میں بڑے کنونشنز کا اعلان

ہٹیاں بالا آزاد کشمیر میں بلدیاتی نمائندگان کی اختیارات کے حصول کے لیے تحریک بھرپور انداز میں آگے بڑھ رہی ہے اور فیصلہ کن مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔

ممبر ضلع کونسل و ممبر مرکزی رابطہ کمیٹی، آصف اقبال مغل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک کے تحت مختلف مراحل کامیابی سے مکمل کیے جا رہے ہیں جبکہ بلدیاتی نمائندگان کی جدوجہد دراصل عوام کے حقوق کے تحفظ کی جدوجہد ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر مقامی حکومت کے نمائندوں کو مکمل اختیارات مل جاتے ہیں تو عوام کے مسائل بہتر انداز میں حل ہوں گے اور بلدیاتی انتخابات کا اصل مقصد پورا ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بلدیاتی نظام سیاست کی نرسری ہے جہاں سے نئی قیادت سامنے آتی ہے اور اگرچہ انتخابات کو دو سال گزر چکے ہیں لیکن دیر آید درست آید کے تحت اب یہ تحریک باقاعدہ مرحلہ وار آگے بڑھ رہی ہے۔

آصف اقبال مغل نے تحریک کے مختلف مراحل پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ پہلے مرحلے میں مرکزی رابطہ کمیٹی نے آزاد کشمیر کے تمام اضلاع کا دورہ کیا، اجلاس منعقد کیے اور بلدیاتی نمائندوں سے مشاورت مکمل کی۔  دوسرے مرحلے میں ایم ایل ایز اور مختلف سیاسی جماعتوں کے سربراہان سے اختیارات کے مسودے کی حمایت میں دستخط کروائے گئے جو تقریباً مکمل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تمام حلقوں کے ایم ایل ایز سے دستخط لینا لازمی ہے تاکہ اسمبلی میں پیش ہونے والے بل کے لیے بھرپور حمایت حاصل کی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: مسلم ہینڈز انٹرنیشنل کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ

تیسرے اور آخری مرحلے میں آزاد کشمیر کے تینوں ڈویژنز میں بڑے کنونشنز منعقد کیے جائیں گے جن میں بھرپور شرکت متوقع ہے۔ 6 فروری – میرپور،10 فروری – راولاکوٹ اور15 فروری – مظفرآباد میں یہ کنونشنز منعقد ہوں گے۔

آصف اقبال مغل نے مزید کہا کہ بلدیاتی نمائندگان کو متحد اور متفق ہو کر آگے بڑھنا ہوگا کیونکہ یہ تحریک عوام کے حقوق ان کے مینڈیٹ کے تحفظ، اور مقامی حکومتوں کے استحکام کی تحریک ہے جو آئندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کی ضامن ہے۔

Scroll to Top