سعودی عرب اورانڈونیشیا کے درمیان 27 ارب ڈالر کے معاہدے

جدہ :سعودی عرب اور انڈونیشیا کے درمیان معاشی و تجارتی تعاون کے سلسلے میں 27 ارب ڈالر مالیت کے معاہدے طے پا گئے ہیں۔

سعودی میڈیا کے مطابق یہ معاہدے صاف توانائی، پیٹروکیمیکلز، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں کیے گئے۔

معاہدوں کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور خطے میں پائیدار ترقی کو فروغ دینا ہے۔

سعودی حکام کا کہنا ہے کہ یہ شراکت داری وژن 2030 کے اہداف سے ہم آہنگ ہے جبکہ انڈونیشیا نے اسے باہمی ترقی کیلئے اہم قدم قراردیا ہے۔

معاہدوں پردستخط اعلیٰ سطحی وفود کی موجودگی میں ہوئے اورمستقبل قریب میں مشترکہ منصوبوں کے آغاز کی توقع ظاہرکی گئی ہے۔

قبل ازیں سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے جدہ کے قصر السلام میں انڈونیشیا کے صدر پرابو سوبیانتو کا خیرمقدم کیا اورسرکاری استقبالیہ کا انعقاد کیا گیا۔

بعد ازاں دونوں رہنماوں نے باضابطہ ملاقات میں دونوں ملکوں کے تعلقات اور تعاون کے پہلووں کا جائزہ لیا۔

مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون اور اسے فروغ دینے کے طریقوں کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال اور اس حوالے سے کی جانے والی کوششیں، مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بعد ازاں سعودی ولی عہد اور انڈونیشیا کے صدر نے سعودی، انڈونیشی سپریم کو آرڈینیشن کونسل کے پہلے اجلاس کی صدارت کی۔
کونسل کے ارکان کی موجودگی میں ایجنڈے کے موضوعات کا جائزہ لیا، اجلاس کے اختتام پر سعودی ولی عہد اور انڈونیشیا کے صدر نے کونسل کے منٹس پر دستخط کئے۔

Scroll to Top