مظفر آباد(کشمیر ڈیجیٹل)بینک آف آزاد جموں وکشمیر نے اپنی 88 ویں برانچ کا چکار کے علاقے رحیم کوٹ میں افتتاح کر دیا ۔
افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر چوہدری لطیف اکبر اور وزیر خزانہ و کواپریٹو اور چیئرمین بینک خان عبدالماجد خان تھے۔
دونوں مہمانوں نے بینک کا افتتاح ربن کاٹ کر کیا، تختی کی نقاب کشائی کی گئی اور چوہدری لطیف اکبر نے اپناذاتی اکاؤنٹ بھی نئی برانچ میں کھول دیا۔
اس موقع پر بینک آف آزاد جموں وکشمیر کے صدر/سی ای او شاہد شہزاد میر، ڈی ایچ سی آر بی ڈی راجہ غلام مصطفی، ڈی ایچ آپریشنزاحتشام ملک، ڈی ایچ سی ایم ڈی محمد امتیاز شاہین، ڈی ایچ ایس اے ایم ڈی مسعود الیاس خان ، ریجنل ہیڈ مظفرآباد جمال انور خان، بینک کے اعلیٰ عہدیداران اور مقامی لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
نئی برانچ کے افتتاح سے رحیم کوٹ اور گردونواح کی ایک بڑی آبادی کو بینکنگ سہولیات میسر آئی ہیں۔ اس برانچ کے تحت نامٹ فٹوٹ، نکر، پیروٹ، سراکڑ، سیری، پنجیلی، اپر فٹوٹ، کیاٹی، پریم کوٹ، کٹیکر، کنڈیالی، حویلی، لوئر کوٹ، مشٹمبا، جھگڑاگلی، ریاٹ، میرا سرو،بستی قریشیاں، بسوج چچیاں، میرا کلاں، مکھیالہ گلی، منجا کیر، ٹاپ جیسے علاقوں کے لوگ مستفید ہوں گے۔
تعلیمی و صحت کی سہولیات سے رحیم کوٹ میں لڑکیوں کا کالج، لڑکوں کا کالج، رورل ہیلتھ سینٹر، ویٹرنری ہسپتال، زراعت کا دفتر، پولیس چوکی، کمیونٹی ہال اور دیگر سرکاری دفاتر موجود ہیں۔
نئے بینک برانچ کے افتتاح سے نہ صرف تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ طلباء، کسانوں، تاجروں اور عام شہریوں کو بینکنگ خدمات تک آسان رسائی میسر آئے گی۔
مقامی لوگوں نے بینک اور حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اقدام کو علاقے کی ترقی کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب انہیں بینکنگ کیلئے دور دراز کا سفر نہیں کرنا پڑے گا اور تمام مالی لین دین آسانی سے ہو سکے گا۔
بینک کے صدر شاہد شہزاد میر نے کہا کہ بینک کا مقصد دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں معیاری مالیاتی خدمات پہنچانا ہے۔ انہوں نے عہد کیا کہ بینک آنے والے دنوں میں بھی آزاد کشمیر کے دیگر علاقوں میں اپنی شاخیں کھول کر عوام کو جدید بینکنگ سہولیات فراہم کرتا رہے گا۔ اس موقع پر بینک، ریاست اور ملک کی ترقی، کامیابی کے لئے دعا کی گئی۔۔
واد ی لیپا ،حکومتی نااہلی، فائربریگیڈ کی 2 گاڑیاں ناکارہ،عوام کا تشویش کا اظہار